سردی کی لہر میں روز بروز اضافہ، کہر کی لہر
رات کے اوقات میں درجہ حرارت 10تا12ڈگری سلسیس کے درمیان درج کیاجارہا ہے۔دیہی اور ٹاونس کی سڑکوں پر بڑے پیمانہ پر کہر کی لہر دیکھی جارہی ہے جس سے گاڑی سواروں کوشدید مشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے۔

حیدرآباد: تلنگانہ بھرمیں سردی کی لہر میں روزبروز اضافہ ہورہا ہے۔متحدہ عادل آباد ضلع میں درجہ حرارت میں گراوٹ کے نتیجہ میں عوام کوشدید مشکلات کا سامنا ہے۔ کئی افراد راتوں میں گھروں سے نکلنے سے گریز کررہے ہیں۔
رات کے اوقات میں درجہ حرارت 10تا12ڈگری سلسیس کے درمیان درج کیاجارہا ہے۔دیہی اور ٹاونس کی سڑکوں پر بڑے پیمانہ پر کہر کی لہر دیکھی جارہی ہے جس سے گاڑی سواروں کوشدید مشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے۔
صبح 9بجے تک بھی کہر کی گھنی چادر کئی علاقوں میں نظرآرہی ہے۔شام میں پانچ بجے سے ہی سردی کی لہر میں اضافہ ہورہا ہے جس سے تاجروں اوردفاتر سے گھروں کو واپس ہونے والوں کو مشکلات کاسامنا ہے۔ٹاونس کے برخلاف ریاست کے ایجنسی علاقوں میں یہ صورتحال زیادہ دیکھی جارہی ہے۔
محکمہ موسمیات نے واضح کیا ہے کہ دسمبر کے اواخر تک سردی کی لہر میں مزید اضافہ کا امکان ہے۔کہر کے نتیجہ میں کئی گاڑی سوار اپنی گاڑیوں کی ہیڈلائٹس کو کھولتے ہوئے گاڑی چلانے پر مجبور ہیں۔
دوسری طرف صبح کے اوقات میں چہل قدمی کے لئے جانے والے افراد اور کسان اپنے معمول کے شیڈول کے برخلاف تاخیر سے اپنے کاموں اور سرگرمیوں کے لئے روانہ ہورہے ہیں۔ فٹ پاتھس پر سونے والے افرادکو بھی سردی کی وجہ سے کافی مشکل صورتحال کا سامنا ہے۔
کئی لوگ سردی سے بچنے کیلئے گرم کپڑوں جیسے گرم لحافوں اورسوئٹرس کا استعمال کررہے ہیں تو کئی افراد شام ہوتے ہیں آگ تاپنے کا کام بھی کررہے ہیں۔ سردی سے بچے اور معمرین شدید متاثرہیں۔ صبح کی اولین ساعتوں سے ہی سرد ہوائیں چل رہی ہیں۔
عوام سویٹرس‘ ٹوپیوں اور مفلرس کااستعمال کررہے ہیں۔ چائے خانوں پر عوام کا ہجوم دیکھا جارہا ہے۔ صبح اورشام کے اوقات میں ضلع کے بیشتر مقامات پر لوگ آگ تاپتے نظر آرہے ہیں۔