حیدرآباد

حیدرآباد کے شہریوں کو گرمی سے جلد راحت متوقع

اگرچہ مانسون کا فوری آغاز کمزور طور پر ہوسکتا ہے تاہم حیدرآباد اور تلنگانہ کے دیگر مقامات پر اس ہفتے کے آخر تک بتدریج بارش میں اضافہ ہونے کی امید ہے۔

حیدرآباد: حیدرآباد کے شہریوں کو گرمی کی جارحانہ لہر سے انتہائی ضروری راحت جلد متوقع ہے۔ حیدرآباد کے علاوہ تلنگانہ کے اضلاع میں لوگوں کو اس ہفتہ کے اواخر تک راحت مل سکتی ہے کیونکہ جنوب مغربی مانسون تاخیر سے ہی سہی مگر اب مسلسل پیشرفت کررہا ہے۔

متعلقہ خبریں
بارش سے متاثرہ لوگوں کی مدد میں بی آر ایس حکومت یکسر ناکام: کانگریس
گرمی کی لہر: تعلیمی اداروں کو 18 جون تک بند رکھنے کی ہدایت
یو اے ای میں گرج چمک کے ساتھ شدیدبارش، سڑکوں پر پانی جمع

محکمہ موسمیات کے حیدرآباد دفتر کی جاری کردہ سات روزہ موسمیاتی پیش قیاسی رپورٹ سے پتہ چلتا ہے کہ کل یعنی منگل سے ہی تلنگانہ کے کئی حصوں بشمول حیدرآباد اور آس پاس کے علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش یا گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے کئی اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ آندھی چلنے کی زرد وارننگ بھی جاری کی ہے۔

رپورٹس میں یہ اشارہ بھی دیا گیا ہے کہ اگلے 72 گھنٹوں میں جاری گرمی کی لہر، جنوب مغربی مانسون کی مسلسل پیشرفت کے باعث بڑی حد تک کم ہوجائے گی۔ مانسون رائلسیما اور کرناٹک میں یہ پہلے ہی آگے بڑھ چکا ہے۔

اگرچہ مانسون کا فوری آغاز کمزور طور پر ہوسکتا ہے تاہم حیدرآباد اور تلنگانہ کے دیگر مقامات پر اس ہفتے کے آخر تک بتدریج بارش میں اضافہ ہونے کی امید ہے۔

اسی دوران نہ صرف حیدرآباد بلکہ ریاست کے تمام اضلاع میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے۔ کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی تاہم اس سے لوگوں کو گرمی سے کوئی راحت نہیں ملی۔

پیر کی شام گچی باؤلی، منی کونڈہ، شیخ پیٹ، بندلہ گوڑہ جاگیر، عطا پور، راجندر نگر اور دیگر مقامات پر ہلکی بارش ہونے کی اطلاعات ہیں۔

پیر کو حیدرآباد کے کئی حصوں میں دن کے وقت زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 41 ڈگری سیلسیس اور 42 ڈگری سیلسیس کے درمیان ریکارڈ کیا گیا۔

بہادر پورہ اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں آج سب سے زیادہ درجہ حرارت 42.5 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد سعیدآباد، کرما گوڑہ اور کشن باغ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40.2 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔

سکندرآباد کی مونڈا مارکیٹ، آر پی روڈ اور پیراڈائز کے قریب علاقوں میں 39 ڈگری سیلسیس اور 40 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جبکہ راجندر نگر میں زیادہ سے زیادہ 39.6 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔

اضلاع میں بھی گرمی کی لہر جاری رہی جبکہ کھمم میں سب سے زیادہ 44.7 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جبکہ پداپلی اور سوریہ پیٹ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 44.2 ڈگری سیلسیس کے آس پاس رہا۔

اسی طرح بھدرادری کوتہ گوڑیم میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 43.8 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔