دلت طالب علم کا آئی آئی ٹی دھنباد میں داخلہ، فیس ادا کرنے حکومت ِ یوپی کا تیقن (ویڈیو)
حکومت ِ اترپردیش نے آج کہا کہ آئی آئی ٹی (انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی) دھنباد میں مظفر نگر کے رہائشی دلت طالب ِ علم اتل کمار کو داخلے میں مدد کرے گی اور محکمہ سماجی بہبود کے ذریعہ اسکالر شپ اس کی ساری فیس برداشت کرے گا۔
لکھنؤ (پی ٹی آئی) حکومت ِ اترپردیش نے آج کہا کہ آئی آئی ٹی (انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی) دھنباد میں مظفر نگر کے رہائشی دلت طالب ِ علم اتل کمار کو داخلے میں مدد کرے گی اور محکمہ سماجی بہبود کے ذریعہ اسکالر شپ اس کی ساری فیس برداشت کرے گا۔
یہاں جاری کردہ سرکاری بیان میں یہ بات کہی گئی اور کہا گیا کہ اتل کی تعلیم کو یقینی بنانے اسکالر شپ کے ذریعہ پوری فیس ادا کی جائے گی۔ یومیہ مزدور راجندر کمار کا بیٹا اتل کمار فیس ادا نہ کرنے پر آئی آئی ٹی دھنباد میں داخلہ حاصل کرنے سے محروم ہوگیا تھا۔
ضلع مظفر نگر کی تحصیل کھتولی کے دیہات ٹیٹوڈا کے رہائشی اتل کو آئی آئی ٹی۔ جے ای ای امتحان میں بہتر کارکردگی پر الیکٹرانکس انجینئرنگ میں نشست حاصل ہوئی تھی، لیکن 24 جون تک فیس ادا نہ کرنے سے داخلہ رک گیا تھا۔ اس کے افرادِ خاندان تمام کوششوں کے بعد سپریم کورٹ سے رجوع ہوئے تھے۔
سپریم کورٹ کی مداخلت اور چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ کے علم میں یہ بات آنے پر حکومت نے دلت طالب ِ علم کو پوری مدد فراہم کرنے کا فیصلہ کیا۔
سرکاری بیان میں کہا گیا کہ چیف منسٹر نے اتل کی پوری مدد کرنے فوری ہدایت جاری کی۔ر یاستی وزیر سماجی بہبود اسیم ارون نے فون پر اتل کے افرادِ خاندان سے بات کرتے ہوئے ساری تعلیم کے لیے ریاستی حکومت کی جانب سے مالی امداد فراہم کرنے کا تیقن دیا۔