انفلوئنسر کے عشق میں مبتلا شخص کی پٹائی سے موت، دردناک واقعہ۔ یکطرفہ محبت کا بھیانک انجام
چینائی میں ملازمت کرنے والا ایک شخص دہلی پہنچا اور ایک خاتون سوشل میڈیا انفلوئنسر کے گھر میں زبردستی داخل ہوگیا۔ اس نے اصرار کیا کہ خاتون اس سے شادی کرے۔
نئی دہلی (پی ٹی آئی)چینائی میں ملازمت کرنے والا ایک شخص دہلی پہنچا اور ایک خاتون سوشل میڈیا انفلوئنسر کے گھر میں زبردستی داخل ہوگیا۔ اس نے اصرار کیا کہ خاتون اس سے شادی کرے۔ اس حرکت پر مشتعل ہوکر خاتون کے اہل خانہ نے پڑوسیوں کے ساتھ مل کر اس کی پٹائی کردی، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا اور ایک ہفتے بعد دورانِ علاج دم توڑ گیا۔
پولیس نے اس معاملے میں خاتون کے والد اور ایک پڑوسی کو گرفتار کرلیا ہے۔انسٹاگرام پر 6 لاکھ سے زائد فالوورز رکھنے والی مذکورہ انفلوئنسر کی ریلز کو لاکھوں افراد دیکھتے ہیں۔ حالیہ دنوں میں وہ انسٹاگرام اور یوٹیوب پر اپنی منگنی کی ویڈیوز اور آئندہ شادی سے متعلق مواد بھی پوسٹ کررہی تھی۔پولیس کے مطابق، اترپردیش کے ضلع غازی پور کا رہنے والا ابھی نو چنئی کی ایک نجی کمپنی میں ملازمت کرتا تھا۔
وہ 7 نومبر کو مشرقی دہلی کے مدھو وہار علاقے میں واقع خاتون کے گھر پہنچا اور اس وقت زبردستی اندر داخل ہوگیا جب وہ گھر میں موجود تھی۔ اس نے خاتون سے شادی کرنے کا مطالبہ کیا۔ اگلے روز درج کی گئی ایف آئی آر کے مطابق، وہ شراب کے نشے میں تھا اور اس کے منہ سے شراب کی بو آرہی تھی۔
اس کی حرکت سے برہم ہوکر خاتون کے اہل خانہ اور چند پڑوسیوں نے اس کی جم کر پٹائی کی اور بعد ازاں پولیس کو اطلاع دی۔پولیس اہلکار جب موقع پر پہنچے تو ابھی نو کی کمر اور دائیں پاؤں پر شدید چوٹیں پائی گئیں۔
اسے راجیو گاندھی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں 15 نومبر کو دورانِ علاج اس کی موت ہوگئی۔بعد کی تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ ابھی نو باقاعدگی سے خاتون کی سوشل میڈیا پوسٹس دیکھتا تھا اور رفتہ رفتہ اس کے دل میں یک طرفہ جذبات پیدا ہوگئے تھے۔
وہ چند ماہ قبل بھی مداح کی حیثیت سے اس کے گھر جاچکا تھا۔پولیس کے مطابق، خاتون کی کسی دوسرے شخص سے ہونے والی شادی کی خبر سے وہ ناخوش تھا۔