بین الاقوامی

اسرائیل میں نئی ہنگامی حکومت کا امکان

وسیع تر اتحاد کی کوششیں ناکام ہونے پر گادی آئزن کوٹ اپنی قیادت میں قومی ہنگامی حکومت بنانے کے لیے تیار، مذاکرات کو غیر معینہ مدت تک جاری نہ رکھنے کا اعلان

تل ابیب: اسرائیل کی ‘یاشر پارٹی’ کے رہنما گادی آئزن کوٹ نے جمعہ کے روز کہا کہ اگر وسیع تر اتحاد بنانے کی کوششیں ناکام رہتی ہیں، تو وہ اپنی قیادت میں قومی ہنگامی حکومت بنانے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ وہ مذاکرات کو غیر معینہ مدت تک طویل ہونے نہیں دیں گے۔

امریکی سوشل میڈٰیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر ایک تفصیلی پوسٹ میں، حکومت بنانے کی ذمہ داری سنبھالنے والے مسٹر آئزن کوٹ نے نیا اتحاد بنانے کے لیے تین ممکنہ راستوں کا ذکر کیا۔انہوں نے کہا کہ وہ مذاکرات میں تعطل دور کرنے اور تمام دستیاب متبادل پر غور کرنے کے لیے قریبی تال میل کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ مذاکرات طویل ہونے کی وجہ سے عوام میں مایوسی پائی جاتی ہے۔ آئزن کوٹ نے کہا کہ عوامی حمایت حاصل کرنے والی مستحکم حکومت بنانے کے لیے دستیاب متبادل پر سنجیدگی سے غور کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اعتماد کے ووٹ کے لیے کنیسٹ (اسرائیلی پارلیمنٹ) میں حکومت پیش کرنا نسبتاً آسان ہوگا، جبکہ اصل چیلنج اس کے طویل مدتی استحکام کو یقینی بنانا ہے۔

آئزن کوٹ نے کہا کہ حکومت بنانے کے لیے ان کے پاس تین اہم متبادل ہیں اور وہ ہر متبادل پر کھلے ذہن، گہری ذمہ داری کے احساس اور کامیاب ہونے کی حقیقی خواہش کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔پہلے متبادل کے تحت انہوں نے انتہائی قدامت پسند یہودی جماعتوں یعنی ‘حریدیم’ کے ساتھ سنجیدہ بات چیت کی بات کہی۔ اس کا مقصد ایسا نظام تیار کرنا ہے جو تورات کے مطالعے کے لیے اپنا پورا وقت وقف کرنے والوں کی حیثیت کو برقرار رکھتے ہوئے اسرائیلی فوج کی ضروریات کو پورا کرے۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ ان مذاکرات کا مطلب سب کے لیے لازمی فوجی خدمات نافذ کرنے کے اپنے عزم سے پیچھے ہٹنا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے منصوبے کے اصولوں پر مبنی خاکہ تیار کرنے کا کام جاری ہے۔دوسرے متبادل کے تحت وزیر اعظم بنیامن نتن یاہو کی ‘لیکود پارٹی’ کے ساتھ بات چیت شامل ہے۔

آئزن کوٹ نے کہا کہ معاہدے تک پہنچنے کی کوششوں کے باوجود ان مذاکرات میں رکاوٹیں برقرار ہیں۔انہوں نے کہاکہ ”بدقسمتی سے، لیکود کی بیان بازی اور اس کے طرز عمل نیز حقیقی قوت ارادی کے درمیان بڑا فرق ہے۔” آئزن کوٹ نے کہا کہ اتحاد صرف سیاسی سمجھوتوں سے حاصل نہیں کیا جا سکتا، بلکہ اس کے لیے حقیقی شراکت داری اور مشترکہ اقدار کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ لیکود کے ساتھ بات چیت کو ایک اور موقع دینا چاہتے ہیں۔

تیسرے متبادل کے تحت مسٹر آئزن کوٹ نے کہا کہ اگر وسیع تر اتحاد بنانے کی کوششیں ناکام رہتی ہیں، تو وہ قومی ہنگامی حکومت بنانے کے لیے تیار ہیں۔ ان کا ارادہ حلف برداری سے پہلے یا اس کے بعد اس حکومت کو وسعت دینے کا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ مذاکرات کو غیر معینہ مدت تک جاری نہیں رہنے دیں گے۔

مسٹر آئزن کوٹ نے کہاکہ ”صحیح وقت آنے پر میں اپنی قیادت میں ایک نئی اور اچھی حکومت کو منظوری کے لیے کنیسٹ کے سامنے پیش کروں گا۔” انہوں نے کہا کہ یہ مؤقف مذاکرات میں شامل جماعتوں کے لیے کوئی دھمکی نہیں ہے، بلکہ اس ذمہ داری کے تحت لیا گیا فیصلہ ہے جو ان کے بقول ملک میں ”قومی ہنگامی صورتحال” کے درمیان انہیں سونپی گئی ہے۔

مسٹر آئزن کوٹ نے کنیسٹ کے اراکین سے اپیل کی کہ وہ اپنے ضمیر کے مطابق فیصلہ کریں کہ آیا وہ نئی حکومت کی حمایت کرنا چاہتے ہیں یا پھر ایک اور انتخاب کا راستہ چننا چاہتے ہیں، جبکہ نیتن یاہو نگراں حکومت کے وزیر اعظم بنے ہوئے ہیں۔ انہوں نے نئی حکومت بنانے کا موقع گنوانے سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ماننا غلطی ہوگی کہ فیصلے ٹالنے کے لیے ابھی کافی وقت ہے۔