کرناٹک

مودی کا استقبال نہ کرکے پروٹوکول کی خلاف ورزی نہیں کی: شیوکمار

شیو کمار نے کہا کہ وزیر اعظم نے خود کہا ہے کہ انہوں نے سدارمیا اور شیوکمار سے کہا ہے کہ وہ ایچ اے ایل ہوائی اڈے پر ان کا استقبال نہ کریں کیونکہ ان کی یونان سے بنگلورو آمد میں تاخیر ہو سکتی تھی۔

بنگلورو: کرناٹک کے نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے ہفتہ کو واضح کیا کہ وزیراعلی سدارمیا اور انہوں نے (مسٹر شیوکمار) بنگلورو میں وزیراعظم نریندر مودی کا استقبال نہ کرکے پروٹوکول کی خلاف ورزی نہیں کی ہے کیونکہ وہ وزیراعظم کے دفتر کے احکامات پر عمل کررہے تھے۔

متعلقہ خبریں
الیکشن کمیشن کو شکایات کی کوئی پروا نہیں: کمارا سوامی
زمین کے مسائل کا حل اب ایک کلک پر: بھو بھارتی پورٹل کی رونمائی جلد
حکومت، موسیٰ ریور پروجیکٹ کیلئے پُرعزم: بھٹی وکرمارکہ
شرمیلا کی ڈپٹی چیف منسٹر کرناٹک شیو اکمار سے ملاقات
حضرت شیخ شاہ افضل الدین جنیدی سراج باباامیرکبیرالسادۃ الجنیدیہ الحسینیہ(فی الھند) مقرر

شیوکمار نے یہ وضاحت چاند کے جنوبی قطب پر چندریان-3 کی سافٹ لینڈنگ کے بعد انڈین اسپیس انسٹی ٹیوٹ (اسرو) کے سائنسدانوں کو مبارکباد دینے کے لیے وزیر اعظم مودی کے بنگلورو کے دورے کے دوران پروٹوکول کی مبینہ خلاف ورزی کے تنازعہ کے درمیان کی ہے۔

انہوں نے یہاں نامہ نگاروں سے کہا کہ سیاست ختم ہو چکی ہے اور اب ترقی کا وقت ہے۔ کرناٹک ایک ثقافتی ریاست ہے اور ہم نے فیصلہ کیا تھا کہ ہم میں سے کوئی ایک کسی بھی وقت وزیر اعظم کا استقبال کرے گا، لیکن وزیر اعظم کے دفتر سے ہمارے پاس ریلیز آئی تھی، اس لیے ہم نے ایسا نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے خود کہا ہے کہ انہوں نے مسٹر سدارمیا اور مسٹر شیوکمار سے کہا ہے کہ وہ ایچ اے ایل ہوائی اڈے پر ان کا استقبال نہ کریں کیونکہ ان کی یونان سے بنگلورو آمد میں تاخیر ہو سکتی تھی۔

مودی نے کہا ’’میں خود کو یہاں آنے سے نہیں روک سکا، کیونکہ میں بیرون ملک تھا۔ اس لیے میں نے سائنسدانوں کے استقبال کے لیے پہلے بنگلور آنے کا فیصلہ کیا۔

چونکہ میں بہت دور سے آ رہا تھا، اس لیے تاخیر کا امکان تھا، اس لیے میں نے وزیر اعلیٰ، نائب وزیر اعلیٰ اور گورنر ( تھاورچند گہلوت) سے درخواست کی تھی کہ وہ اتنی صبح آنے اور مجھے لینے کی زحمت نہ کریں۔ میں ان کے تعاون کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ چیف سکریٹری وندیتا شرما، ڈائرکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی) آلوک موہا، بنگلورو پولس کمشنر بی دیانند، بنگلورو ریجنل کمشنر املن بسواس اور بنگلورو کے ڈپٹی کمشنر کے اے دیانند نے وزیر اعظم کا استقبال کیا۔

اس موقع پر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے کئی رہنما بھی وزیراعظم کے استقبال کے لیے ایچ اے ایل ہوائی اڈے کے باہر بیریکیڈ کے پیچھے کھڑے تھے۔