حیدرآباد

جی بی ایچ ایس مغلپورہ نمبر 2 میں درسی کتب اور کاپیوں کی تقسیم، طلبہ کو محنت، وقت کی پابندی اور تعلیمی جستجو کی تلقین

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مدرس جناب محمد جہانگیر نے تمام طلبہ کا خیرمقدم کیا اور نئے تعلیمی سال کی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے درسی کتب اور کاپیوں کی بروقت فراہمی طلبہ کے لیے ایک اہم سہولت ہے، اب طلبہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ وقت کی پابندی کے ساتھ اسکول آئیں اور مکمل توجہ اور جستجو کے ساتھ تعلیم حاصل کریں۔

حیدرآباد: نئے تعلیمی سال 2026-27 کے آغاز کے موقع پر گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول مغل پورہ نمبر 2 (چارمینار زون) میں طلبہ کے درمیان مفت درسی کتب اور کاپیوں کی تقسیم عمل میں آئی۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب میں اساتذہ نے طلبہ کو تعلیم کے میدان میں محنت، وقت کی پابندی اور مستقل مزاجی اختیار کرنے کا مشورہ دیا۔

متعلقہ خبریں
ملک میں مسلمانوں کے خلاف بڑھتے حملوں پر مسلم پرسنل لا بورڈ کا اظہارِ تشویش، ملک گیر تحریک چلانے کا اعلان
گورنمنٹ ڈگری کالج فلک نما میں انا–اکّا مینٹورشپ انٹرن شپ تربیتی پروگرام کا آغاز
محرم الحرام 2026 کے انتظامات پر بی جے پی وفد کی کمشنر پولیس حیدرآباد سے ملاقات
جماعتِ اسلامی ہند گریٹر حیدرآباد ویمنز ونگ کے زیرِ اہتمام صحافیوں اور این جی اوز کا اجلاس
نعتیہ کلام دلوں کو محبتِ رسول ﷺ سے منور کرتا ہے: سعداللہ خان سبیل

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مدرس جناب محمد جہانگیر نے تمام طلبہ کا خیرمقدم کیا اور نئے تعلیمی سال کی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے درسی کتب اور کاپیوں کی بروقت فراہمی طلبہ کے لیے ایک اہم سہولت ہے، اب طلبہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ وقت کی پابندی کے ساتھ اسکول آئیں اور مکمل توجہ اور جستجو کے ساتھ تعلیم حاصل کریں۔

انہوں نے کہا کہ کامیابی کے حصول کے لیے محنت، لگن اور علم حاصل کرنے کا جذبہ ضروری ہے۔ طلبہ کو چاہیے کہ وہ اسکول میں دیا گیا ہوم ورک پابندی سے مکمل کریں، اپنی کتابوں اور کاپیوں کی حفاظت کریں اور ان پر کور چڑھائیں۔

صدر مدرس نے بتایا کہ سلطان شاہی چمن کے قریب واقع اس اسکول میں جماعت ششم تا دہم اردو میڈیم کے لیے داخلے جاری ہیں۔ حکومت کی جانب سے طلبہ کو مفت درسی کتب، کاپیاں، یونیفارم اور دوپہر کا کھانا فراہم کیا جاتا ہے جبکہ داخلے کے لیے کوئی فیس نہیں لی جاتی۔ انہوں نے کہا کہ کشادہ اور ہوادار جماعتوں کے ساتھ طلبہ کی ہمہ جہتی صلاحیتوں کے فروغ کے لیے مختلف مقابلہ جاتی سرگرمیوں کا بھی انعقاد کیا جاتا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی ایس ایس سی کے نتائج شاندار رہے ہیں، جو اساتذہ کی محنت اور طلبہ کی تعلیمی دلچسپی کا ثبوت ہیں۔

مدرس جناب محمد حسام الدین نے اپنے خطاب میں طلبہ پر زور دیا کہ وہ خاص طور پر دسویں جماعت کے طلبہ مزید محنت اور یکسوئی کے ساتھ تعلیم حاصل کریں۔ انہوں نے غیر ضروری طور پر موبائل فون کے استعمال سے گریز کرنے اور روزانہ دیا جانے والا ہوم ورک مکمل کرنے کی تلقین کی۔

انہوں نے سابق صدر معلمہ محترمہ اوما موپیڈی کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کاوشوں کے نتیجے میں اسکول کو جدید اور مستقل عمارت حاصل ہوئی، جبکہ ماضی میں یہ ادارہ کرایہ کی عمارت میں چل رہا تھا۔

جناب ایس پانڈو نے طلبہ کو نظم و ضبط اختیار کرنے اور وقت کی پابندی سے اسکول آنے کی نصیحت کی۔ انہوں نے کہا کہ زندگی میں کامیابی کے لیے ڈسپلن بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔

اس موقع پر محترمہ اختر النساء، محترمہ طاہرہ بیگم، محترمہ کے ونیتا، محترمہ بی مادھوی، محترمہ شمیم اور محترمہ عالیہ مہ جبین نے بھی طلبہ کو تعلیمی میدان میں آگے بڑھنے کے لیے اساتذہ کی ہدایات پر عمل کرنے اور محنت سے پڑھائی کرنے کا مشورہ دیا۔

اساتذہ نے والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دیں، انہیں وقت پر اسکول روانہ کریں اور تعلیمی سرگرمیوں میں اساتذہ کے ساتھ تعاون کریں۔

تقریب کے دوران طلبہ اور ان کے سرپرستوں نے حکومت کی جانب سے مفت درسی کتب، کاپیوں اور یونیفارم کی فراہمی پر خوشی کا اظہار کیا۔