حیدرآباد

گنیش وسرجن کے پیش نظر ٹینک بنڈ کے اطراف سڑکیں بند، عوام کو شدید مشکلات

گنیش وسرجن کے پیش نظر حیدرآباد کے ٹینک بنڈ اور اس کے اطراف پولیس کی جانب سے مختلف سڑکوں کو بند کیے جانے کے باعث روزمرہ کاموں اور ملازمتوں پر جانے والے افراد کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

حیدرآباد: گنیش وسرجن کے پیش نظر حیدرآباد کے ٹینک بنڈ اور اس کے اطراف پولیس کی جانب سے مختلف سڑکوں کو بند کیے جانے کے باعث روزمرہ کاموں اور ملازمتوں پر جانے والے افراد کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

گنیش وسرجن کے بڑے جلوسوں اور عقیدت مندوں کی بڑی تعداد کے پیش نظر پولیس نے ٹینک بنڈ کے اطراف ٹریفک کو کنٹرول کرنے کے لیے مختلف مقامات پر بیریکیڈنگ کرتے ہوئے سڑکوں کو بند کردیا ہے۔

سڑکیں بند ہونے کے باعث دفاتر اور دیگر کاموں کے لیے جانے والے افراد کو متبادل راستوں کی تلاش میں دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ کئی مسافر راستے میں بیریکیڈنگ دیکھ کر اپنی منزل تک پہنچنے کے لیے دیگر راستے اختیار کرنے پر مجبور ہوگئے۔

مقامی افراد اور مسافرین نے پولیس کے ٹریفک انتظامات پر ناراضگی کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ سڑکیں بند کرنے سے قبل عوام کو متبادل راستوں کے بارے میں واضح معلومات فراہم کی جانی چاہیے تھیں۔

مسافرین نے مطالبہ کیا کہ ٹریفک پابندیوں اور ڈائیورژن کے راستوں کی تفصیلات پہلے ہی عوام کو بتائی جائیں تاکہ لوگ اپنے سفر کی منصوبہ بندی کرسکیں اور غیر ضروری تاخیر سے بچ سکیں۔

پولیس کی جانب سے گنیش وسرجن کے دوران بڑے ہجوم اور جلوسوں کی نقل و حرکت کو منظم کرنے اور عوام کی حفاظت کے لیے ٹریفک پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔