نعتیہ کلام دلوں کو محبتِ رسول ﷺ سے منور کرتا ہے: سعداللہ خان سبیل
انہوں نے مرحوم مسرور عابدی سے اپنے دیرینہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک مخلص، ہمدرد اور باصلاحیت شخصیت کے مالک تھے۔ فنِ شاعری پر انہیں مکمل دسترس حاصل تھی اور ان کی ادبی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ سعداللہ خان سبیل نے تمام شعرائے کرام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ بارگاہِ رسالت ﷺ میں نذرانۂ عقیدت پیش کرنا ایک عظیم سعادت اور باعثِ اجر ہے۔
حیدرآباد: بزمِ اطہر کے زیر اہتمام عیدی بازار، حیدرآباد کے میکش ہال میں ایک روح پرور غیر طرحی نعتیہ مشاعرہ منعقد کیا گیا، جو معروف شاعر اور استادِ سخن مرحوم مسرور عابدی کی یاد میں ترتیب دیا گیا تھا۔ مشاعرے میں شہر کے ممتاز شعراء، ادباء اور نعت گو حضرات نے شرکت کرتے ہوئے بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں نذرانۂ عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر نگرانِ مشاعرہ اور آر سی اردو ٹی وی کے ایڈیٹر جناب سعداللہ خان سبیل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نعتیہ محفلیں عشقِ رسول ﷺ کی آبیاری کا بہترین ذریعہ ہیں۔ ان محفلوں میں پیش کیا جانے والا نعتیہ کلام دلوں کو محبتِ رسول ﷺ سے منور کرتا ہے اور ایمان کو تازگی بخشتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف نعت سننا اور پڑھنا ہی کافی نہیں بلکہ حضور اکرم ﷺ کی سیرتِ طیبہ، اخلاقِ حسنہ اور تعلیماتِ مبارکہ کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنانا ہی حقیقی محبتِ رسول ﷺ کا تقاضا ہے۔
انہوں نے مرحوم مسرور عابدی سے اپنے دیرینہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک مخلص، ہمدرد اور باصلاحیت شخصیت کے مالک تھے۔ فنِ شاعری پر انہیں مکمل دسترس حاصل تھی اور ان کی ادبی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ سعداللہ خان سبیل نے تمام شعرائے کرام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ بارگاہِ رسالت ﷺ میں نذرانۂ عقیدت پیش کرنا ایک عظیم سعادت اور باعثِ اجر ہے۔
تقریب کی سرپرستی قاضی حافظ عظمت اللہ جعفری نوری اعظمی نے کی، جبکہ ماہرِ عروض اور استادِ سخن جناب شاہد عدیلی نے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے مرحوم مسرور عابدی کی علمی و ادبی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسرور عابدی اپنے استاد حضرت نظیر علی عدیل کے بے حد قدر دان اور وفادار شاگرد تھے اور اپنے شاگردوں پر شفقت کرنے والے بہترین استاد بھی تھے۔ آج ان کے شاگردوں کی جانب سے پیش کیے گئے تاثرات اس بات کا ثبوت ہیں کہ وہ اپنے حلقۂ تلامذہ میں بے حد محبوب تھے۔
مشاعرے کی نظامت جناب اطیب اعجاز نے انجام دی۔ تقریب میں جناب صاحبزادہ مجتبیٰ فہیم، ڈاکٹر جہانگیر علی، جناب علی جواد شہپر، جناب سید مجتبیٰ عابدی، جناب نورالدین امیر سمیت دیگر مہمان شعراء شریک رہے۔
مشاعرے میں سید مصطفیٰ علی سید، شرف الدین ارشد، ثناء اللہ وصفی، مقبول علی مقبول، شاکر گودڑ شاہی، سہیل وارثی اور دیگر شعراء نے بارگاہِ رسالت ﷺ میں نعتیہ کلام پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔
آخر میں بزمِ اطہر کے صدر اور داعیٔ محفل میر مقبول علی مقبول نے تمام مہمانان، شعراء اور حاضرین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس کامیاب ادبی و روحانی اجتماع کے انعقاد میں تعاون کرنے والوں کی ستائش کی۔