’’موسی پروجیکٹ کی مخالفت کا مطلب کیا گجرات ماڈل ناکام ہوگیا؟‘‘: ریونت ریڈی
ریونت ریڈی نے مزید کہا کہ بی جے پی موَسی کو بہتر بنانا نہیں چاہتی اور الزام لگایا کہ کس طرح بی جے پی نے مہاراشٹر میں شنڈے حکومت کو استعمال کیا اور تلنگانہ میں کشن ریڈی کو استعمال کررہی ہے۔
حیدرآباد: چیف منسٹر ریونت ریڈی نے موَسی پروجیکٹ پر بی جے پی کے احتجاج پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے گجرات ماڈل پر سوال اٹھایا ہے۔ انہوں نے مرکزی وزیر کشن ریڈی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا، "گجرات ماڈل کو ملک کے لیے ایک مثال بتایا جاتا ہے، لیکن موَسی پروجیکٹ کو کامیاب بنانے میں رکاوٹ کیوں پیدا کی جارہی ہے؟ کیا اس کا مطلب یہ ہے کہ گجرات ماڈل ناکام ہوگیا ہے؟”
ریونت ریڈی نے مزید کہا کہ بی جے پی موَسی کو بہتر بنانا نہیں چاہتی اور الزام لگایا کہ کس طرح بی جے پی نے مہاراشٹر میں شنڈے حکومت کو استعمال کیا اور تلنگانہ میں کشن ریڈی کو استعمال کررہی ہے۔
بی جے پی کا "بستی نیدرا” پروگرام
بی جے پی رہنماؤں نے موَسی کے قریب بستی نیدرا (بستی میں رات بسر کرنے) کا پروگرام منعقد کیا تاکہ متاثرین کے مسائل کو اجاگر کیا جا سکے۔ مرکزی وزیر کشن ریڈی سمیت دیگر اہم رہنماؤں نے حیدرآباد کی مختلف بستیوں میں رات گزاری اور مقامی لوگوں سے ملاقات کی۔
کشن ریڈی نے بستی نیدرا کے دوران کہا، "موَسی کے اطراف رہنے والے لوگوں پر حکومت نے جنگ کا اعلان کیا ہے۔ چیف منسٹر نے بلڈوزر لانے کی بات کہی ہے، جس کی وجہ سے لوگ خوف کے عالم میں جی رہے ہیں۔ اب تک دس لوگ دل کا دورہ پڑنے سے موت ہوچکی ہے کیونکہ ان کے گھروں کو بلڈوز کرنے کا خوف لاحق ہے۔”
حکومت پر بی جے پی کی تنقید
کشن ریڈی نے کہا، "کانگریس اور وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی غریبوں کے گھروں کو گرانے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔ نہ تو موَسی کے لیے کوئی ڈ ی پی آر (پروجیکٹ رپورٹ) تیار ہوئی ہے اور نہ ہی منصوبے کے لیے فنڈز کا بندوبست کیا گیا ہے۔ پہلے موَسی میں آلودگی اور ڈرینج کے مسائل کو حل کریں۔ ہم موَسی پروجیکٹ کے خلاف نہیں ہیں، لیکن غریبوں کے گھروں کو نقصان پہنچائے بغیر یہ منصوبہ ہونا چاہیے۔”
کشن ریڈی نے مزید کہا کہ بی جے پی غریبوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے گھروں کو بلڈوز کرنے کے سخت خلاف ہے۔ انہوں نے کہا، "موَسی کی صفائی کے لیے ہماری حمایت ہے، لیکن حکومت کو چاہیے کہ وہ اس کام کو غریبوں کو متاثر کیے بغیر انجام دے۔”
حکومت پر دیگر الزامات
کشن ریڈی نے حکومت پر رئیل اسٹیٹ کے لیے زمین ہتیانے کا الزام لگایا اور کہا کہ موَسی کے اطراف کے غریب علاقوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے تاکہ وہاں رئیل اسٹیٹ کے منصوبے شروع کیے جا سکیں۔ انہوں نے مزید کہا، "ریونت ریڈی صرف ایک ٹرم کے چیف منسٹر ہوں گے، اور عوام ان کی پالیسیوں کو قبول نہیں کریں گے۔”
بی جے پی کی تجاویز
کشن ریڈی نے کہا کہ سو سال پہلے نظام کے دور میں جو رِیٹیننگ وال بنائی گئی تھی، اسی طرز پر موَسی کی صفائی اور بحالی کی جانی چاہیے۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ غریب عوام کو نقصان پہنچائے بغیر موَسی پروجیکٹ کو مکمل کیا جائے۔