نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی فورسس کے ڈرون حملے، 6 فلسطینی شہید
جنین میں وزارت صحت نے بتایا کہ شہر کے خلیل سلیمان سرکاری اسپتال اور ابن سینا اسپیشلائزڈ اسپتال میں تین شہدا کی لاشیں اور 30 زخمی لائے گئے، ان میں بعض زخمیوں کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔
جنین: اسرائیلی فورسز نے نہتے فلسطینیوں پر ڈرون حملے شروع کر دیے ہیں، صہیونی فورسز کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر جنین اور غزہ کی پٹی میں 6 فلسطینی شہید کر دیے گئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر جنین پر ڈرون حملے میں اور مشرقی غزہ کی پٹی میں صہیونی قابض افواج کی تازہ وحشیانہ کارروائیوں میں کم سے کم چار فلسطینی نوجوان شہید اور 41 زخمی ہو گئے۔
جنین میں وزارت صحت نے بتایا کہ شہر کے خلیل سلیمان سرکاری اسپتال اور ابن سینا اسپیشلائزڈ اسپتال میں تین شہدا کی لاشیں اور 30 زخمی لائے گئے، ان میں بعض زخمیوں کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔
وزارت صحت کے مطابق شہید ہونے والوں کی شناخت 23 سالہ محمود علی نافع السعدی، 24 سالہ محمود خالد عرعراوی اور 22 سالہ رفعت عمر خمایسہ کے ناموں سے کی گئی ہے۔ غزہ کی پٹی میں اندھا دھند فائرنگ سے شہید ہونے والے فلسطینی کی شناخت 25 سالہ یوسف سالم رضوان کے نام سے ہوئی ہے۔
قابض فوج نے شہدا الاقصیٰ بریگیڈز کے رہ نما محمد ابو البھاء کے گھر کو گھیرے میں لے لیا اور گھر کی طرف فائر اور راکٹ سے چلنے والے دستی بم داغے جس سے گھروں کو آگ لگ گئی، جھڑپوں کے ساتھ اسرائیلی فوجی طیارے جنین کے اوپر سے پرواز کر رہے تھے، قابض فوج نے اعلان کیا کہ معوز ڈرون نے جنین کیمپ پر حملہ کیا۔
ادھر غزہ کی پٹی میں قابض فوج نے چار مقامات پر احتجاجی مظاہروں کو کچلنے کے لیے آپریشن کیا جس میں ایک نوجوان شہید اور 11 شہری زخمی ہو گئے۔