ترکی شام میں دوبارہ زلزلے کے جھٹکے ، 6.3 شدت کا اندازہ
ترکی اور شام میں پیر کو ایک بار پھر زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔ یوروپی میڈیٹیرینین سیسمولو جیکل سنٹر( ای ایم ایس سی) کی جانب سے ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت کا اندازہ 6.3 لگایاگیا ہے۔
نئی دہلی: ترکی اور شام میں پیر کو ایک بار پھر زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔ خبررساں ادارہ رائٹرز کے مطابق یوروپی میڈیٹیرینین سیسمولوجیکل سنٹر( ای ایم ایس سی) کی جانب سے ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت کا اندازہ 6.3 لگایاگیا ہے۔
واضح رہے کہ ترکی میں دو ہفتے قبل آنے والے زلزلے کے جھٹکوں میں بے انتہا تباہی دیکھی گئی تھی۔ ترکی اور شام میں زلزلے کے اس واقعہ کے بعد اب بھی امداد اور بچاؤ کے کام جاری ہے۔
یادرہے کہ ترکی اور شام میں 6 فروری کو آنے والے زلزلے کے دو ہفتے بعد بھی ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق اب تک 41 ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔
دونوں ممالک میں راحت اور بچاؤ ابھی بھی جاری ہے۔ دنیا کے 95 ممالک سے دونوں ممالک کو مدد کی جارہی ہے۔ اقوام متحدہ نے انسانی بنیادوں پر ترکی کے عوام کیلئے ایک ارب ڈالر جمع کرنے کی اپیل کی ہے۔
پیر کی رات ہندوستان کے جموں وکشمیر کے کٹرا علاقہ میں بھی 3.4 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔ حکام نے بتایاکہ کہیں سے بھی کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
نیشنل سنٹر فار سیسمولوجی نے بتایاکہ زلزلہ رات 10:07 بجے آیا اور اس کی گہرائی 25 کیلو میٹر تھی۔ زلزلے کا مرکز کٹرہ سے 89 کیلو میٹر مشرق میں تھا۔ مرکز کے زیر انتظام علاقہ کے ریاستی اور ڈوڈا اضلاع میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔ 17 فروری کو بھی کٹرا میں 3.6 شدت کا زلزلہ آیا تھا