نمس میں 8 ماہ کے دوران 100 کڈنی ٹرانسپلانٹس کا ریکارڈ
ڈاکٹر راہول دیوراج نے بتایا کہ اب تک نمس ہسپتال کے سرجنوں نے تقریباً گردے کے 1600 پیوند کاری آپریشن انجام دیئے ہیں جن میں سے ایک ہزار ٹرانسپلانٹ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد کئے گئے۔

حیدرآباد: نظامس انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسس (NIMS) کے ٹرانسپلانٹ سرجنوں نے اس سال صرف 8 ماہ کے قلیل عرصے میں گردے کی پیوند کاری کے 100 کامیاب آپریشن مکمل کرکے ایک ریکارڈ بنایا ہے۔
تمام 100 کڈنی ٹرانسپلانٹس، جن میں سے 61 زندہ عطیہ دہندگان اور 39 مردہ عطیہ دہندگان ٹرانسپلانٹس تھے۔ ریاست کے زیر انتظام آروگیاشری ہیلتھ انشورنس اسکیم کے تحت ضرورت مند مریضوں کے لئے پیوندکاری کے یہ تمام آپریشن مفت کئے گئے۔
100 ٹرانسپلانٹس میں سے سرجنوں نے 2 پیڈیاٹرک (بچوں کے) ٹرانسپلانٹ بھی کئے جو کہ اپنے آپ میں ایک نایاب کارنامہ ہے۔
ڈاکٹر راہول دیوراج نے بتایا کہ اب تک نمس ہسپتال کے سرجنوں نے تقریباً گردے کے 1600 پیوند کاری آپریشن انجام دیئے ہیں جن میں سے ایک ہزار ٹرانسپلانٹ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد کئے گئے۔
ریاستی وزیر صحت ٹی ہریش راؤ نے اسپتال کے سرجنوں کی تعریف کی اور کہا کہ نمس ہسپتال صحت کی دیکھ بھال کے کاموں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر رہا ہے۔ رواں سال کے صرف 8 ماہ میں 100 گردوں کی پیوند کاری کی تکمیل ایک قابل ذکر ریکارڈ ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ سنگ میل اعضاء کی پیوند کاری کے ذریعے زندگیاں بچانے کے لئے ہمارے غیر متزلزل عزم کو اجاگر کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نمس کے سرجنوں نے اگست-ستمبر میں 30 کامیاب روبوٹک سرجریاں بھی کیں۔ یہ سب کچھ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی قیادت میں ممکن ہے جو تلنگانہ کو آروگیہ تلنگانہ میں تبدیل کررہے ہیں۔ میں اس کامیابی پر نمس ہسپتال کے عملے کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
گردے کی پیوند کاری کی سرجریاں یورولوجی ٹیم نے کی ہیں جو ہر ماہ 800 سے 900 دیگر یورولوجیکل آپریشن بھی انجام دیتی ہے۔
ڈاکٹرس نے بتایا کہ تقریباً 9 مرتبہ ایک ہی ٹیم نے ایک ہی دن میں 2 یا اس سے زیادہ ٹرانسپلانٹ کئے جبکہ دوسری بڑی سرجریاں بھی انجام دیں۔
نمس کے سرجنوں نے وزیر صحت ٹی ہریش راؤ اور نمس کے ڈائرکٹر ڈاکٹر بھیرپا سے ان کے مسلسل تعاون اور حوصلہ افزائی کے لئے اظہار تشکر کیا۔
یہ سرجریاں پروفیسر اور ایچ او ڈی ڈاکٹر راہول دیوراج کی سربراہی میں یورولوجسٹس کی ٹیم نے انجام دیں۔ ٹیم میں پروفیسر ڈاکٹر رام ریڈی، ڈاکٹر ودیا ساگر، ڈاکٹر رام چندریا، ڈاکٹر چرن کمار، ڈاکٹر دھیرج، ڈاکٹر سنیل، ڈاکٹر ارون، ڈاکٹر وشنو، ڈاکٹر جانکی، ڈاکٹر ہرشا، ڈاکٹر پون، ڈاکٹر سورج کمار، ڈاکٹر پوواراسن، ڈاکٹر شاہ رخ، ڈاکٹر اننت، ڈاکٹر ابھیشیک، ڈاکٹر انوپما، ڈاکٹر راکیش اور ڈاکٹر مدھوسودھن شامل ہیں۔
ان کی معاونت پروفیسر اور ایچ او ڈی ڈاکٹر نرملا، پروفیسر ڈاکٹر اندرا، پروفیسر ڈاکٹر اینی کرن، ڈاکٹر پرساد اور ڈاکٹر شیبانی پر مشتمل اینستھیسیا کی ٹیم نے کی جبکہ نیفرولوجی ٹیم میں پروفیسر ڈاکٹر گنگادھر، پروفیسر ڈاکٹر بوشن راجو اور پروفیسر ڈاکٹر سورنا لتا شامل ہیں۔