سوشیل میڈیا

مصر: ایک صفائی ملازمہ کی ایمانداری کے سوشیل میڈیا پر چرچے

عبیر علی کا کہنا ہے کہ اتنی بڑی رقم کا چیک دیکھ کر دل میں کوئی غلط خیال نہیں آیا۔  ان کی ایمانداری پر کلب انتظامیہ نے ان کی خوب ستائش کی اور ایک توصیف نامے سے بھی نوازا۔

قاہرہ: ایمانداری کی مثال پیش کرتے ہوئے مصر میں ایک صفائی ملازمہ نے 10 لاکھ پاؤنڈز کا چیک واپس کردیا، سوشل میڈیا پر خاتون کی ایمانداری کے خوب چرچے ہو رہے ہیں۔

اردو نیوز کے مطابق مصر میں اس وقت سوشل میڈیا پر لیڈیز کلب میں خاتون ہاؤس کیپر کی ایمانداری کو بے حد سراہا جا رہا ہے جنہوں نے صفائی کے دوران ملنے والا چیک واپس کر دیا۔

خاتون کارکن نے واش روم میں صفائی کے دوران ملنے والے 10 لاکھ پاؤنڈز کا چیک فوری طور پر کلب حکام کے حوالے کردیا، عبیر علی اسکندریہ کے سموحہ ا سپورٹس کلب میں صفائی کارکن کے طور پر ملازمت کرتی ہیں۔

عبیر علی نے بتایا کہ وہ مطلقہ ہیں، اپنی دو چھوٹی بچیوں کے اخراجات اور گھر کا کرایہ ادا کرنے کے لئے ایک کلب کے لیڈیز واش روم میں معمولی تنخواہ پر صفائی کا کام کرتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ واش روم کی صفائی کے دوران 10 لاکھ پاؤنڈز کا چیک دیکھ کر حیرت زدہ ہو گئی، زیادہ حیرت اس بات پر تھی کہ چیک کو کوئی بھی کیش کروا سکتا تھا۔

عبیر علی نے بتایا کہ میں نے زیادہ سوچ بچار نہیں کی، اگر بد نیتی ہوتی تو بینک جا کر چیک کیش کروا کے اپنے سارے مسائل حل کر سکتی تھی لیکن ایسا نہیں کیا۔

سموحہ کلب کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عجیب بات یہ ہے کہ اب تک کوئی گمشدہ چیک لینے نہیں آیا ہے، اس سے لگ رہا ہے کہ شاید ابھی تک مالک کو معلوم ہی نہیں ہے کہ چیک گم ہو گیا ہے۔

عبیر علی کا کہنا ہے کہ اتنی بڑی رقم کا چیک دیکھ کر دل میں کوئی غلط خیال نہیں آیا۔  ان کی ایمانداری پر کلب انتظامیہ نے ان کی خوب ستائش کی اور ایک توصیف نامے سے بھی نوازا۔