مہاراشٹرا

ممبئی کی آرے کالونی میں تیندوے کا حملہ‘ بچی ہلاک

غربی مضافات گورے گاؤں کی آرے کالونی کے جنگلاتی علاقہ میں ایک تیندوے نے دیڑھ سالہ بچی کو ہلاک کردیا۔ پولیس نے یہ بات بتائی۔

ممبئی: غربی مضافات گورے گاؤں کی آرے کالونی کے جنگلاتی علاقہ میں ایک تیندوے نے دیڑھ سالہ بچی کو ہلاک کردیا۔ پولیس نے یہ بات بتائی۔

یہ واقعہ آرے کالونی کے یونٹ نمبر 15میں صبح 6:30 بجے کے آس پاس پیش آیا۔ بچی اپنی ماں کے ساتھ مندر جارہی تھی جو اُن کے مکان سے تقریباً 30 فیٹ دور واقع ہے۔ آرے پولیس اسٹیشن کے ایک عہدیدار نے یہ بات بتائی۔

تیندوے نے لڑکی پر حملہ کردیا۔ بچی کو فوری دواخانہ لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قراردیا۔ عہدیدار نے کہا کہ ہم نے حادثاتی موت کی رپورٹ (اے ڈی آر) درج کرلی ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔

اسی دوران محکمہ جنگلات نے ایکشن پلان شروع کردیا ہے تاکہ علاقہ میں انسانوں اور جانوروں کا ٹکراؤ نہ ہو۔ محکمہ جنگلات کی مدد کے لئے ریسکنک اسوسی ایشن فار وائیلڈ لائف ویلفیر(آر اے ڈبلیو ڈبلیو) کی ٹیم طلب کرلی گئی۔

حکام نے ایک وائیلڈ لائف ایمبولنس کے علاوہ ممبئی کے محکمہ جنگلات کی وائیلڈ لائف ڈسٹریس ریسپانس ٹیمس اور رضاکاروں کو علاقہ میں تعینات کردیا ہے۔

اس ہفتہ آرے کالونی کے اطراف ریسکیو ٹیم‘ تیندوؤں کے ماہرین‘ وٹرنری ڈاکٹرس اور سینئر عہدیدار تعینات رہیں گے۔

رات میں پٹرولنگ کی جائے گی اور تیندوؤں کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کیمرہ ٹراپس لگائے جائیں گے۔ سنجے گاندھی نیشنل پارک کے قریب واقع آرے کالونی ممبئی کا گرین لنگ (سرسبزو شاداب علاقہ) سمجھی جاتی ہے اور یہاں سابق میں تیندوؤں کے کئی حملے ہوچکے ہیں۔

a3w
a3w