الکٹرانک ووٹنگ مشین لاگس کو 2 سال تک محفوظ رکھا جائے: کپل سبل
رکن راجیہ سبھا کپل سبل نے جمعہ کے دن سپریم کورٹ سے گزارش کی کہ وہ الیکشن کمیشن کو ہدایت دے کہ الکٹرانک ووٹنگ مشینوں (ای وی ایمز) کے لاگس کم ازکم 2 تا 3 سال محفوظ رکھے جائیں
نئی دہلی: رکن راجیہ سبھا کپل سبل نے جمعہ کے دن سپریم کورٹ سے گزارش کی کہ وہ الیکشن کمیشن کو ہدایت دے کہ الکٹرانک ووٹنگ مشینوں (ای وی ایمز) کے لاگس کم ازکم 2 تا 3 سال محفوظ رکھے جائیں اور ووٹوں کی گنتی سے قبل ہر مرحلہ کا ریکارڈ جاری کردیا جائے تاکہ کوئی بھی رکن ”غیرقانونی“ طورپر منتخب نہ ہو۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر الیکشن کمیشن فارم 17C اَپ لوڈ نہیں کرسکتا تو ریاستی الیکٹورل عہدیدار ڈاٹا اَپ لوڈ کرسکتا ہے۔ فارم 17C سے پتہ چلتا ہے کہ پولنگ اسٹیشن میں کتنے ووٹ ڈالے گئے۔ انہوں نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ہر مشین کا ایک آپریٹنگ سسٹم ہوتا ہے۔
ای وی ایم کا بھی ایسا ہی معاملہ ہے۔ الکٹرانک ووٹنگ مشینوں کا لاگ محفوظ رکھنا چاہئے جس سے ہمیں پتہ چلے گا کہ ووٹنگ کس وقت ختم ہوئی اور کتنے ووٹ ناکارہ پائے گئے۔ ہمیں یہ بھی پتہ چلے گا کہ ووٹ کب ڈالے گئے۔ یہ وہ ثبوت ہے جسے محفوظ رکھنا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن عام طورپر یہ اعدادوشمار30 دن تک محفوظ رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاگس کو محفوظ رکھنا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے کیونکہ ہم الزام عائد کررہے ہیں کہ وہ فارم 17C اَپ لوڈ نہیں کرتا۔
وہ یہ نہیں بتاتا کہ کتنے ووٹ ڈالے گئے۔ لاگس کو 2 تا 3 سال محفوظ رکھنا چاہئے۔ سینئر وکیل نے کہا کہ ہم یہ بھی جاننا چاہتے ہیں کہ رائے دہی کا تناسب کیسے بڑھا۔