مغربی آسٹریلیا میں آنے والے سمندری طوفان کی ہنگامی وارننگ جاری
دریں اثناء، باشندوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ عمارتوں کے مضبوط اور محفوظ ترین حصوں میں رہیں اور کھڑکیوں اور دروازوں سے دور رہیں۔
سڈنی: مغربی آسٹریلیا کے شمال مغربی ساحلی علاقوں کو متاثر کرنے والے سمندری طوفان کو خطرے کے لحاظ سے تیسرے زمرے کے طوفان میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔
آسٹریلیا کے بیورو آف میٹرولوجی (بی او ایم) نے پیر کی صبح سمندری طوفان کو کیٹیگری ٹو سے کیٹیگری تھری میں اپ گریڈ کیا اور خبردار کیا کہ طوفان کے دوران ہواؤں کی رفتار 185 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے مغربی آسٹریلیا کے شمال مغربی پِلبارا ساحل کے باشندوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ گھروں کے اندر ہی رہیں کیونکہ طوفان سے تیز ہواؤں اور شدید طوفانی بارش کی توقع ہے۔
مغربی آسٹریلیا کے فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز (DFES) کی طرف سے جاری کردہ ہنگامی وارننگ میں کہا گیا ہے: "آپ خطرے کی زد میں ہیں اور آپ کو فوری کارروائی کرنے کی ضرورت ہے۔”
دریں اثناء، باشندوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ عمارتوں کے مضبوط اور محفوظ ترین حصوں میں رہیں اور کھڑکیوں اور دروازوں سے دور رہیں۔
بیورو آف میٹرولوجی نے آج کہا کہ طوفان کے اثر سے سمندر میں اونچی لہریں اٹھنے اور ساحلی علاقوں میں سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان کا رخ جنوب مغرب کی سمت تبدیل ہونے کا امکان ہے۔