ملک میں نفرت کی سیاست کا خاتمہ: اکھلیش یادو
سماج وادی پارٹی سربراہ اکھلیش یادو نے ہفتہ کے دن کہا کہ منفی سیاست کا خاتمہ ہوگیا اور عوام کے مسائل کی جیت ہوئی۔
لکھنو: سماج وادی پارٹی سربراہ اکھلیش یادو نے ہفتہ کے دن کہا کہ منفی سیاست کا خاتمہ ہوگیا اور عوام کے مسائل کی جیت ہوئی۔
لکھنو میں پارٹی دفتر میں میڈیا سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ ایک طرف انڈیا اتحاد کی جیت ہوئی اور دوسری طرف سماج وادی پارٹی تیسری بڑی جماعت بن کر ابھری۔
پارٹی کو عوام کی زبردست تائید حاصل ہوئی۔ اسی کے ساتھ اس کی ذمہ داری بھی بڑھ گئی۔ اب اسے عوام کے مسائل اٹھانے ہوں گے۔ عوام کا مفاد ذہن میں رکھنا ہوگا۔ منفی سیاست ختم ہوگئی جبکہ مثبت سیاست کا آغاز ہوگیا۔
حالیہ لوک سبھا الیکشن میں اترپردیش میں لوک سبھا کی 80 نشستوں میں سماج وادی پارٹی کو 37 اور اس کی حلیف کانگریس کو 6 نشستیں حاصل ہوئیں۔
بی جے پی 33 نشستیں جیت پائی اور اس کی حلیف آر ایل ڈی نے 2 اور اپنا دَل (سونے لال) نے ایک نشست پر جیت حاصل کی۔ آزاد سماج پارٹی(کانشی رام) کو ایک نشست ملی جبکہ بی ایس پی کا صفایا ہوگیا۔