یوروپ

یوروپین یونین اسرائیل پر تحدیدات کی خواہاں

یوروپین کمیشن (ا ی یو) کی سربراہ ارسولا ونڈرلین نے چہارشنبہ کے دن کہا کہ وہ اسرائیل پر تحدیدات عائد کرانے اور تجارتی جزوی معطلی کا منصوبہ رکھتی ہے۔

اسٹراس بورگ(فرانس) (اے پی) یوروپین کمیشن (ا ی یو) کی سربراہ ارسولا ونڈرلین نے چہارشنبہ کے دن کہا کہ وہ اسرائیل پر تحدیدات عائد کرانے اور تجارتی جزوی معطلی کا منصوبہ رکھتی ہے۔

27 ممالک پر مشتمل ای یو اسرائیل اور فلسطینیوں کے تعلق سے کیا رویہ اختیار کیا جائے اس پر منقسم ہے۔ یہ واضح نہیں کہ آیا ای یو میں شامل ممالک کی اکثریت اسرائیل پر تحدیدات اور تجارتی معطلی کی تائید کرے گی یا نہیں۔ ای یو کی سربراہ نے کہا کہ کمیشن آئندہ ماہ فلسطینی ڈونر گروپ قائم کرے گا۔

اس گروپ کے ایک حصہ کے طور پر غزہ کی مستقبل کی تعمیر نو پر توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں جو ہورہا ہے اور بچوں اور خاندانوں کی مشکلات نے دنیا کے ضمیر کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔

انہوں نے فرانس میں یوروپین پارلیمنٹ میں میٹنگ میں کہا کہ انسان کا پیدا کردہ قحط جنگ کا ہتھیار نہیں ہوسکتا۔ بچوں کیلئے، انسانیت کیلئے یہ بند ہونا چاہئے۔

ایک دن قبل اسرائیلی فوج نے غزہ شہر میں رہنے والوں کو خبردار کیا تھا کہ وہ شہرچھوڑ کر چلے جائیں کیونکہ اس پر وہ اپنا کنٹرول چاہتی ہے۔ اسرائیلی فوج نے یہ وارننگ قطر میں حماس کے رہنماؤں کو نشانہ بنانے کے لئے کئے گئے حملہ سے قبل دی تھی۔