سابق میئر اور ایم آئی ایم لیڈر عبدالملک پر تین راؤنڈ فائرنگ، حالت نازک (ویڈیو)
اطلاعات کے مطابق عبدالملک مالیگاؤں چوک پر ایک ہوٹل میں چائے پی رہے تھے کہ تین حملہ آور موٹر سائیکل پر آئے اور ان پر تین راؤنڈ فائرنگ کی۔ ملک کو فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا جہاں ان کی حالت تشویشناک ہے۔

حیدرآباد: مہاراشٹرا کے مالیگاؤں کے سابق میئر عبدالملک محمد یونس عیسیٰ کو آج صبح نامعلوم حملہ آوروں نے گولی مار دی۔
اسدالدین اویسی کی آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) پارٹی کے ایک سرکردہ لیڈر عبدالملک کو تین گولیاں لگیں اور انہیں علاج کیلئے مقامی اسپتال لے جایا گیا جہاں ان کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔
حملے کے بعد علاقے میں کشیدگی کا ماحول ہے۔ اطلاعات کے مطابق، عبدالملک، مالیگاؤں چوک پر ایک ہوٹل میں چائے پی رہے تھے کہ تین حملہ آور موٹر سائیکل پر آئے اور ان پر تین راؤنڈ فائرنگ کی۔
ملک کو فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ حملے کے بعد ایم آئی ایم کے حامی احتجاجاً سڑکوں پر نکل آئے تھے اس لئے نظم و نسق برقرار رکھنے کیلئے مالیگاؤں میں پولیس کی بڑی تعداد کو تعینات کیا گیا ہے۔
حکام حملہ آوروں کی تلاش میں مصروف ہیں حالانکہ فائرنگ کے مقام پر سی سی ٹی وی فوٹیج کی عدم موجودگی کی وجہ سے ان کی شناخت کرنا مشکل ہو رہا ہے۔ تاہم، پولیس آس پاس کے علاقے سے دیگر سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لے رہی ہے۔
واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب اے آئی ایم آئی ایم لیڈروں کو نشانہ بنایا گیا ہو۔ رواں سال فروری میں عبدالسلام جنہیں اسلم مکھی کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، کو بہار کے گوپال گنج میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔