تلنگانہ

تلنگانہ میں شدید گرمی، درجہ حرارت 46 ڈگری سے تجاوز، عوام کومحتاط رہنے کا مشورہ

تلنگانہ کے کئی علاقہ جات چہارشنبہ کے روز گرمی کی شدید لہر کی لپیٹ میں رہے جہاں اعظم ترین درجہ حرارت 46ڈگری سلسیس سے تجاوز کرگیاہے۔بتایا جاتاہے کہ ریاست کے 7 اضلاع میں گرمی کی شدت میں غیر معمولی اضافہ دیکھاگیا ہے۔

حیدرآباد: تلنگانہ کے کئی علاقہ جات چہارشنبہ کے روز گرمی کی شدید لہر کی لپیٹ میں رہے جہاں اعظم ترین درجہ حرارت 46ڈگری سلسیس سے تجاوز کرگیاہے۔بتایا جاتاہے کہ ریاست کے 7 اضلاع میں گرمی کی شدت میں غیر معمولی اضافہ دیکھاگیا ہے۔

ضلع نلگنڈہ کا موضع گڈا پور ریاست کا گرم مقام رہا جہاں درجہ حرارت 46.6 ڈگری سلسیس ریکارڈ کیاگیا۔ تلنگانہ اسٹیٹ ڈیولپمنٹ پلاننگ سوسائٹی کے مطابق ضلع ملگ کا منگم پیٹ‘ضلع سوریاپیٹ میں منگالا‘ضلع نلگنڈہ میں چندوراور ضلع بھدرادری کتہ گوڑم میں بھدراچلم میں درجہ حرارت 46.5 ڈگری سلسیس ریکارڈ کیا گیا

جبکہ ضلع نلگنڈہ کے تماپور‘ضلع کھمم کے وائرہ اور خانہ پور اور ضلع پداپلی کے متارام میں درجہ حرارت 46.4 ڈگری سلسیس تک پہونچ گیا۔ دریں اثناء محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی کہ گرمی کی لہر کی صورتحال آئندہ 4 دنوں تک برقرار رہے گی۔

محکمہ موسمیات نے جگتیال‘ جنگاؤں‘کریم نگر‘کھمم‘نرمل‘ نظام آباد‘پداپلی اور راجناسرسلہ اضلاع میں ریڈالرٹ جاری کرتے ہوئے کہاکہ ان اضلاع میں 3مئی کو درجہ حرارت کے 44ڈگری سلسیس تک پہونچنے کا امکان ہے جبکہ محکمہ نے اضلاع جیسے کریم نگر‘پداپلی‘جئے شنکر بھوپال پلی‘ محبوب نگر‘ ناگرکرنول‘ونپرتی میں آرینج الرٹ جاری کیا

اور کہاکہ ان اضلاع میں درجہ حرارت 41 سے 44 ڈگری سلسیس کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔ دریں اثناء محکمہ صحت نے لو سے بچنے کے لئے ایک ایڈوائزری جاری کی ہے اور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سخت دھوپ میں 3بجے سہ پہر تک گھر سے باہرنہ نکلیں۔

ذرائع کے مطابق ریاست کے کئی اضلاع کے 146 مقامات پر آج 4بجے شام تک درجہ حرارت 45 ڈگری سلسیس سے تجاوز کرگیا۔ شہر حیدرآباد میں بھی آج شدید گرمی تھی‘

شہر کے قطب اللہ پور میں درجہ حرارت 43.4‘ خیریت آباد میں 43.1 کے علاوہ رین بازار‘ بنجارہ ہلز‘ویسٹ ماریڈ پلی‘ عثمانیہ یونیورسٹی‘ مہدی پٹنم‘اپل‘گچی باؤلی اورلنگر حوض جیسے علاقوں میں درجہ حرارت 43ڈگری سلسیس درج کیاگیا۔