فرنویس اور پوار نے ممبئی میں 26/11 شہداء کوخراج عقیدت پیش کیا
اس موقع پر شہید پولیس اہلکاروں کے کنبوں نے شرکت کی اور یادگاری تختی کے سامنے چند لمحوں کی خاموشی اختیار کی۔ شہر بھر سے آئے پولیس یونٹس نے حملوں کے دوران اپنی جانیں قربان کرنے والے ساتھیوں کو سلامی پیش کی اور ان کی بہادری کو خراج عقیدت پیش کیا۔
ممبئی: ممبئی میں بدھ کے روز 26/11 کے دہشت گردانہ حملوں کے سترہ برس مکمل ہونے پر اس سانحے کوپورے عقیدت اور احترام کے ساتھ یاد کیا گیا۔ مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس اور نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے جنوبی ممبئی میں واقع ممبئی پولیس کمشنر آفس کے احاطے میں قائم شہداء کی یادگار پر خراج عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر ریاستی وزیر آشیش شیلار اور پولیس کے اعلیٰ افسران نے گل ہائے عقیدت پیش کرتے ہوئے شہید اہلکاروں کو یاد کیا۔
اس موقع پر شہید پولیس اہلکاروں کے کنبوں نے شرکت کی اور یادگاری تختی کے سامنے چند لمحوں کی خاموشی اختیار کی۔ شہر بھر سے آئے پولیس یونٹس نے حملوں کے دوران اپنی جانیں قربان کرنے والے ساتھیوں کو سلامی پیش کی اور ان کی بہادری کو خراج عقیدت پیش کیا۔
26 نومبر 2008 کے حملوں میں پاکستان میں قائم لشکر طیبہ گروپ سے وابستہ دس مسلح دہشت گرد سمندر کے راستے ممبئی پہنچے تھے اور انہوں نے تاج محل پیلس ہوٹل، اوبرائے ٹرائیڈنٹ ہوٹل، چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمینس ریلوے اسٹیشن اور نریمان ہاؤس سمیت کئی اہم مقامات پر مربوط حملے کیے تھے۔ چار روز تک جاری رہنے والے ان حملوں میں 166 افراد ہلاک اور 300 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔
ان واقعات کے بعد ملک کے سیکورٹی ڈھانچے میں اہم تبدیلیاں کی گئیں جن میں ساحلی نگرانی کو مضبوط بنانا، انٹیلی جنس رابطوں کو بہتر کرنا، تیز رفتار ردعمل کے نظام کو متعارف کرانا اور مواصلاتی ڈھانچے میں اصلاحات شامل تھیں۔ بڑے شہروں میں نیشنل سیکیورٹی گارڈ کے ہب قائم کیے گئے اور بحری سیکیورٹی کو خصوصی توجہ دی گئی۔
اس موقع پر پولیس فورس کی خدمات کو اجاگر کرتے ہوئے اس عزم کو دہرایا گیا کہ نومبر 2008 میں اپنی جان کی قربانی پیش کرنے والے بہادروں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔