دوسری شادی کا خوف، بیوی نے اپنے ہی شوہر کا قتل کردیا
ملزمہ کے مطابق اس نے اپنے شوہر کو دوسری شادی سے اسے باز رکھنے کی کوشش کی اور سمجھایا بھی مگر وہ باز نہیں آیا جس پر اس کی زندگی ہی ختم کر دی کیونکہ وہ سوتن کو کسی صورت برداشت نہیں کرسکتی تھی۔
قاہرہ: کسی بھی عورت کیلئے شوہر کی دوسری بیوی (سوتن) کا وجود برداشت کرنا بہت مشکل ہوتا ہے مصر میں اس خوف سے ہی ایک خاتون نے اپنے شوہر کو قتل کر دیا۔
دنیا میں ایسی مثالیں ملتی ہیں جہاں ایک شوہر کی کئی بیویاں ایک ساتھ خوش وخرم زندگی گزارتی ہیں لیکن خواتین کی اکثریت شوہر کی دوسری بیوی کو برداشت نہیں کرتی اور اس سے بچنے کیلئے کئی خطرناک واقعات بھی رونما ہو جاتے ہیں جو میڈیا کی زینت بنتے رہتے ہیں۔
تاہم مصر میں ایک خاتون پر سوتن آنے کا خوف ایسا سوار ہوا کہ اس نے اپنے شوہر کی ہی جان لے لی۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ مصر کی الجیزہ کمشنری میں پیش آیا جہاں اسکول چوکیدار کو اس کی بیوی نے گلا کھونٹ کر قتل کردیا۔ ملزمہ کا کہنا تھا کہ وہ سوتن کا دکھ برداشت نہیں کرسکتی۔
رپورٹ کے مطابق الجیزہ کمشنری کے علاقے شیخ زاید کے ایک اسکول میں سیکوریٹی گارڈ کی لاش ملی جس کے گلے پر اسکارف لپٹا ہوا تھا۔ مقتول کی اہلیہ نے پولیس کو اطلاع دی جس پر پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور لاش کو تحویل میں لے کر اسپتال سے پوسٹمارٹم کرایا تو موت کی وجہ سانس گھٹنا بتائی گئی۔
اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ جائے واردات کے ابتدائی معائنہ میں یہ بات سامنے آئی کہ واردات کے وقت نہ تو کوئی شخص اسکول کے احاطے کے اندر بنے سیکوریٹی گارڈ کے مکان میں داخل ہوا اور نہ ہی کسی نے دروازے کو توڑا تھا۔
پولیس نے اپنے شکوک کا اظہار اسکول کے پرنسپل سے کیا جس پر مقتول کی اہلیہ سے تفتیش کا آغاز کیا گیا۔ دوران تفتیش ملزمہ نے شوہر کو قتل کرنے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ اس کا شوہر دوسری شادی کرنے جارہا تھا جس کے باعث اس نے یہ انتہائی قدم اٹھایا اور خود پر سے شک دور کرنے کے لیے خود ہی پولیس کو قتل کی اطلاع دی تھی۔
ملزمہ کے مطابق اس نے اپنے شوہر کو دوسری شادی سے اسے باز رکھنے کی کوشش کی اور سمجھایا بھی مگر وہ باز نہیں آیا جس پر اس کی زندگی ہی ختم کر دی کیونکہ وہ سوتن کو کسی صورت برداشت نہیں کرسکتی تھی۔