سوشیل میڈیا

فیفا ورلڈ کپ: برازیل کا ایک خاندان مشرف بہ اسلام

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک ویڈیو میں اس برازیلی خاندان کو دوحہ کے کتارا کلچرل ولیج میں خوشگوار ماحول میں یمنی مبلغ حیان ال یافی کے ہمراہ کلمہ شہادت کی تلاوت کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

دوحہ: قطر میں فیفا ورلڈ کپ 2022 کے لئے دنیا کے مختلف ممالک کے درمیان مقابلے ابھی نومبر میں شروع ہوئے ہیں۔ قطر، میزبان کے طور پر نہ صرف مختلف ممالک سے آنے والے مہمانوں کو شاندار سہولیات فراہم کررہا ہے بلکہ براہ راست تمام سیاحوں تک اسلام کے پیغام کو دلکش انداز میں پہنچانے میں بھی مصروف ہے۔

اسلام کو متعارف کرانے کے لئے قطر کی جانب سے شروع کئے گئے کچھ اقدامات میں ہوٹلوں کے گیسٹ رومز کی دیواروں پر کیو آر کوڈس پیش کرنا شامل ہے جو مختلف زبانوں میں ان سیاحوں کو اسلام اور قطر کے بارے میں معلومات فراہم کرتے ہیں۔

قطر نے اسلامی تعلیمات میں ان سیاحوں کی دلچسپی کو بڑھانے کے لئے ملک بھر میں پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کی احادیث کو جگہ جگہ آویزاں کیا ہے اور پھر بین الاقوامی مقابلوں میں اسلامی تعلیمات کو نشر کرنے کی قطر کی کوششیں رائیگاں نہیں گئیں۔

یہ معلوم ہونا چاہئے کہ مختلف ممالک کے بہت سے لوگوں نے قطر کی مقامی ثقافت کو سیکھنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے جو کہ اسلام پر مبنی ہے۔

سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر گردش کرنے والی ایک ویڈیو میں کئی خواتین کو پہلی بار حجاب پہننے کی کوشش کرتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

درحقیقت چند سیاحوں نے تو فیفا ورلڈ کپ کے دوران قطر میں رہتے ہوئے اسلام قبول کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔

ابھی حال ہی میں 6 افراد پر مشتمل ایک خاندان نے جس میں والدین اور چار بچے شامل ہیں اور جو برازیل سے تعلق رکھتے ہیں، دوحہ میں ورلڈ کپ کے دوران اسلام قبول کر لیا ہے۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک ویڈیو میں اس برازیلی خاندان کو دوحہ کے کتارا کلچرل ولیج میں خوشگوار ماحول میں یمنی مبلغ حیان ال یافی کے ہمراہ کلمہ شہادت کی تلاوت کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ اسلام قبول کرنے کے بعد اس خاندان نے آپس میں گلے ملتے ہوئے اس کی خوشی بھی منائی۔

اس خاندان کی رہنمائی کرنے والے امام پوچھتے ہیں کہ اسلام قبول کرنے کے بعد وہ کیسا محسوس کرتے ہیں۔ سیاہ عبایا پہنی والدہ نے جواب دیا کہ دل کو چھولینے والے اس احساس کو بیان کرنا ان کے لئے مشکل ہے۔

دریں اثنا، خاندان کی ایک بیٹی، جو سرمئی رنگ کا حجاب پہنے ہوئے تھی، بتاتی ہے کہ اسے کوئی زبردستی نہیں کر رہا تھا اور اسلام قبول کرنے کا فیصلہ اس کا اپنا ہے۔ دوسرے بچوں نے بھی یہی اظہار خیال کیا۔

اس سے قبل قطر میں 2022 ورلڈ کپ کے دوسرے دن کتارا کلچرل ولیج کی ایک مسجد میں میکسیکو کے ایک شہری کے اسلام قبول کرنے کی بھی اطلاع ملی تھی۔

ورلڈ کپ کے آغاز کے بعد سے قطر نے اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ مسلمان علماء اور والینٹرس اسلام کے بارے میں سیاحوں کے کسی بھی سوال کا جواب دینے کے لئے تیار رہیں۔