کھیل

فیفا ورلڈ کپ 2026 کی انعامی رقم میں غیر معمولی اضافہ

ٹورنامنٹ جیتنے والی ٹیم کو 50 ملین ڈالر جبکہ رنر اپ کو 33 ملین ڈالر ملیں گے۔ گروپ مرحلے سے باہر ہونے والی ٹیموں کو بھی کم از کم 9 ملین ڈالر دئیے جائیں گے

نیویارک  : فٹ بال کے دیوانوں کے لیے 2026 کا ورلڈ کپ نہ صرف کھیل کے اعتبار سے بڑا ہونے والا ہے، بلکہ مالی طور پر بھی یہ تاریخ کا سب سے مہنگا ترین ایونٹ ثابت ہوگا۔ فیفا نے انعامی رقم میں اس قدر اضافہ کر دیا ہے کہ اب شرکت کرنے والی ہر ٹیم کروڑ پتی بن کر واپس لوٹے گی۔

 2026کے ٹورنامنٹ کا انعامی رقم 2022 کے مقابلے میں کروڑوں ڈالر زیادہ ہے، اور یہ فٹبال میں انعامی پئسوں سے متعلق نیا عالمی سنگ میل ہے۔

پہلی بار 48 ٹیموں پر مشتمل فیفا ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والی ہر ٹیم کو خطیر رقم ملے گی۔فیفا کے مطابق مجموعی رقم میں سے 655 ملین ڈالر ٹیموں کو ان کی کارکردگی کی بنیاد پر دئیے جائیں گے۔

ٹورنامنٹ جیتنے والی ٹیم کو 50 ملین ڈالر جبکہ رنر اپ کو 33 ملین ڈالر ملیں گے۔ گروپ مرحلے سے باہر ہونے والی ٹیموں کو بھی کم از کم 9 ملین ڈالر دئیے جائیں گے۔

مزید برآں ہر ٹیم کو تیاری کے اخراجات کے لیے 1.5 ملین ڈالر اضافی فراہم کیے جائیں گے، جس کے بعد کوالیفائی کرنے والی ہر ٹیم کو کم از کم 10.5 ملین ڈالر کی ضمانت ہوگی۔جو گلوبل فٹبال کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

یاد رہے کہ 2022 کے قطر ورلڈ کپ میں چیمپئن ارجنٹائن کو 42 ملین ڈالر ملے تھے، جبکہ 2018 میں فرانس کو 38 ملین ڈالر دئیے گئے تھے۔

یہ میگا ایونٹ پہلی بار تین ممالک (امریکہ، کناڈا اور میکسیکو) میں منعقد ہو رہا ہے جس کا فائنل 19 جولائی کو نیو جرسی میں ہوگا۔ جہاں کھلاڑیوں پر پیسوں کی برسات ہو رہی ہے، وہیں شائقین کے لیے بری خبر یہ ہے کہ ٹکٹوں کی قیمتوں میں 174 فیصد تک ہوش ربا اضافہ دیکھا گیا ہے، جس سے عام مداحوں کے لیے اسٹیڈیم پہنچنا مشکل ہو سکتا ہے