ملوگو منڈل پریشد کے دفتر میں آگ لگ گئی
فائر بریگیڈ کے پہنچنے سے پہلے ہی مقامی افراداور قریب ہی واقع بوائز ہاسٹل کے طلبہ نے دفتر کے عملہ اور پولیس کے ساتھ مل کر آگ بجھانے کی کوششیں شروع کر دیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ آگ ایک اسٹور روم تک محدود رہی جہاں پرانا سامان اور ناکارہ فرنیچر رکھا ہوا تھا۔
حیدرآباد: تلنگانہ کے ضلع ملوگو کے گووندراؤ پیٹ منڈل پریشد ڈیولپمنٹ آفس میں اچانک آگ بھڑک اٹھی تاہم بروقت کارروائی کی وجہ سے آگ پر قابو پا لیا گیا اور کوئی بڑا نقصان نہیں ہوا۔
چلم نامی ایک مقامی شہری نے دفتر کی بالائی منزل کی کھڑکی سے دھواں اور شعلے بلند ہوتے دیکھ کر فوری طور پر عملہ کو اطلاع دی۔ خبر ملتے ہی پولیس وہاں پہنچ گئی امدادی کارروائیوں کا آغازکردیا۔
فائر بریگیڈ کے پہنچنے سے پہلے ہی مقامی افراداور قریب ہی واقع بوائز ہاسٹل کے طلبہ نے دفتر کے عملہ اور پولیس کے ساتھ مل کر آگ بجھانے کی کوششیں شروع کر دیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ آگ ایک اسٹور روم تک محدود رہی جہاں پرانا سامان اور ناکارہ فرنیچر رکھا ہوا تھا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق آگ لگنے کی وجہ الیکٹرک شارٹ سرکٹ بتائی جا رہی ہے تاہم اصل وجہ جاننے کے لئے تفصیلی معائنہ جاری ہے۔
پولیس نے تصدیق کی ہے کہ اس واقعہ میں کوئی بھی اہم سرکاری ریکارڈ یا ضروری دستاویزات متاثر نہیں ہوئے ہیں۔ سرکاری حکام نے آگ کو پھیلنے سے روکنے میں مقامی افراداور طلبہ کے بروقت تعاون کی ستائش کی۔