سب سے پہلے جموں وکشمیر کا ریاستی درجہ بحال کریں گے، راہول گاندھی کی گیارنٹی
راہول گاندھی نے لوگوں سے مخاطب ہو کر کہا: 'سب سے پہلے جموں وکشمیر کے ریاستی درجے کو بحال کریں گے کیونکہ نہ صرف آپ کے ریاستی درجے کو چھینا گیا ہے بلکہ تمہارے حقوق،تمہارے وسائل ہر چیز کو چھینا جا رہا ہے'۔
جموں: لوک سبھا میں اپوزیشن کے لیڈر اور سینئر کانگریس لیڈر راہول گاندھی نے چہارشنبہ کے روز کہا کہ جموں و کشمیر کے ریاستی درجے کی بحالی کانگریس کا پہلا قدم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی تاریخ میں پہلی بار کسی ریاست کا ریاستی درجہ چھینا گیا ہے۔
موصوف لیڈر نے ان باتوں کا اظہار چہارشنبہ کے روز ضلع رام بن کے بانہال میں ایک بڑی عوامی ریلی سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ‘ہندوستان کی تاریخ میں پہلی بار ریاستی درجہ چھین لیا گیا اور پہلی بار ایک ریاست کو یونین ٹریٹری میں تبدیل کر دیا گیا’۔ان کا کہنا تھا: ‘ایک ریاست کے ریاستی درجے کو ختم کر دیا گیا اور لوگوں کے حقوق کو چھین لئے گئے’۔
راہول گاندھی نے لوگوں سے مخاطب ہو کر کہا: ‘سب سے پہلے جموں وکشمیر کے ریاستی درجے کو بحال کریں گے کیونکہ نہ صرف آپ کے ریاستی درجے کو چھینا گیا ہے بلکہ تمہارے حقوق،تمہارے وسائل ہر چیز کو چھینا جا رہا ہے’۔
انہوں نے خطاب میں کہا: ‘ہم چاہتے تھے کہ پہلے جموں و کشمیر کا ریاستی درجہ بحال کیا جائے اس کے بعد اسمبلی انتخابات منعقد کئے جائیں لیکن بی جے پی ایسا نہیں چاہتی تھی وہ کہتی ہے پہلے الیکشن کریں گے پھر ریاستی درجے کی بحالی پر بات کریں گے’۔
ان کا کہنا تھا: ‘بی جے پی مانے گی یا نہیں لیکن ہم ان پر اس قدر دبائو ڈالیں گے کہ جموں وکشمیر کو ریاستی درجہ واپس دیا جائے گا’۔
کانگریس لیڈر نے امید ظاہر کی کہ کانگریس اور نیشنل کانفرنس اتحاد اسمبلی انتخابات کے دوران اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گا۔انہوں نے کہا: ؛’یہ بات یقینی ہے کہ جموں و کشمیر میں کانگریس – نیشنل کانفرنس اتحاد کی سرکار بنے گی’۔
ان کا کہنا تھا کہ سرکار میں آنے پر ہم تمام خالی اسامیوں کو پورا کریں گے اور نوکری لگنے کی کم سے کم عمر کی حد کو بڑھا کر 40 سال کریں گے۔
گاندھی نے کہا کہ ہم عارضی ملازمین کو مستقل کرکے ان کی آمدنی کو بڑھائیں گے۔انہوں نے بی جے پی اور آر ایس ایس کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا:’یہ دونوں جماعتیں ملک میں نفرت کا ماحول پھیلا رہی ہیں اور ملک کو تقسیم کرنا چاہتی ہیں لیکن کانگریس ملک کو متحد رکھے گا’۔