ہندوستان سے ریاض کیلئے آج سے پروازیں بحال
وزارت نے کہا کہ تمام ایر لائن کمپنیوں کو سکیورٹی کی صورتحال پر مکمل غور کرنے کے بعد ہی پروازیں چلانے کی اجازت دی جا رہی ہے۔
نئی دہلی۔ ہندوستانی ایر لائن کمپنیاں 12 مارچ سے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے لیے پروازیں شروع کریں گی۔ منگل کی دیر رات شہری ہوا بازی کی وزارت کی طرف سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ایر انڈیا اور ایر انڈیا ایکسپریس 12 مارچ سے ریاض کے لیے پروازیں شروع کریں گی۔
انڈیگو بھی اسی تاریخ کو ممبئی اور ریاض کے درمیان پروازیں شروع کرے گی۔ آکاسا ایر نے بھی جمعرات سے دونوں شہروں کے درمیان پروازیں دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزارت نے کہا کہ تمام ایر لائن کمپنیوں کو سکیورٹی کی صورتحال پر مکمل غور کرنے کے بعد ہی پروازیں چلانے کی اجازت دی جا رہی ہے۔
انڈیگو نے چہارشنبہ کے روز مغربی ایشیا کے 8 شہروں کے لیے کل 38 پروازوں کا اعلان کیا۔ ایر انڈیا اور ایر انڈیا ایکسپریس نے بھی کل 58 پروازوں کا اعلان کیا، جن میں متحدہ عرب امارات کے لیے 36 خصوصی پروازیں شامل ہیں۔ ان کی طے شدہ پروازوں میں سے بائیس جدہ، سعودی عرب اور مسقط، عمان کے لیے ہوں گی۔
مغربی ایشیا میں جاری لڑائی کے باعث 28 فروری کو خطہ کے لیے تمام پروازیں معطل کر دی گئی تھیں۔ اب آہستہ آہستہ آپریشن دوبارہ شروع کیا جا رہا ہے۔
وزارت کے مطابق ڈائرکٹوریٹ جنرل آف سیول ایوی ایشن (ڈی جی سی اے) نے مختلف ممالک کے حکام کے ساتھ مل کر عمان میں مسقط کو مغربی ایشیائی شہروں دبئی‘ ابوظبی‘ شارجہ‘ راس الخیمہ‘ فجیرہ‘ جدہ اور مدینہ کے لیے ہندوستانی ایر لائن کمپنیوں کے لیے متبادل ہوائی اڈہ قرار دیا ہے۔ وزارت نے کہا کہ 9 مارچ کو مغربی ایشیا کے مختلف شہروں سے کل 45 پروازوں میں 7,407 مسافر ہندوستان واپس لوٹے ہیں۔