سابق چیف جسٹس آف انڈیا جسٹس اے ایم احمدی کا انتقال
احمدی ہندوستان کے واحد چیف جسٹس تھے جنہوں نے عدلیہ کے انتہائی نچلے مرتبہ کے عہدیداروں کو اعلیٰ ترین عہدہ تک پہنچنے کی راہ ہموار کی تھی۔ ایک اصول پسند شخص کی حیثیت سے انہوں نے کبھی متنازعہ فیصلے صادر کرنے میں شرم محسوس نہیں کی۔

نئی دہلی: سابق چیف جسٹس آف انڈیا‘جسٹس اے ایم احمدی کا آج یہاں ان کی قیام گاہ پر انتقال ہوگیا۔ احمدی 1994 تا 1997 چیف جسٹس کے عہدہ پر فائز رہے تھے۔ انہوں نے احمدآباد میں سٹی سیول اور سیشن عدالت کے جج کی حیثیت سے اپنا کیرئیر شروع کیا تھا۔
وہ ہندوستان کے واحد چیف جسٹس تھے جنہوں نے عدلیہ کے انتہائی نچلے مرتبہ کے عہدیداروں کو اعلیٰ ترین عہدہ تک پہنچنے کی راہ ہموار کی تھی۔ ایک اصول پسند شخص کی حیثیت سے انہوں نے کبھی متنازعہ فیصلے صادر کرنے میں شرم محسوس نہیں کی۔
انہوں نے ججس کے کیس میں اختلاف ِ رائے ظاہر کیا تھا جبکہ بومئی کے کیس میں علیحدہ فیصلہ تحریر کیا تھا۔ انہوں نے جنرل ویدیا کے قاتلوں کے خلاف نصف شب کو فیصلہ صادر کیا تھا اور ایودھیا ایکٹ میں مخصوص علاقہ کے حصول ِ سے متعلق ایک فیصلہ کو غیردستوری قراردیتے ہوئے اقلیت کا حصہ بنے تھے۔
ہندوستان کے چیف جسٹس کے عہدہ پر طویل ترین عرصہ تک خدمات انجام دینے کے علاوہ انہوں نے مختلف کمیشنوں کی ذمہ داری بھی نبھائی تھی اور اپنی زندگی کے آخری حصہ تک ثالثی کے شعبہ میں سرگرم حصہ ادا کرتے رہے تھے۔