ایئر انڈیا کی ترواننت پورم-دہلی پرواز کی ایمرجنسی لینڈنگ
کانگریس کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال بھی اس جہاز میں سوار تھے، انہوں نے اس فضائی سفر کو انتہائی خوفناک قرار دیتے ہوئے اپنا تجربہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر شیئر کیا اور ایک پوسٹ میں فلائٹ نمبر اے آئی 2455 کے سفر کو انتہائی پریشان کن بتایا اور کہا کہ اس سفر میں وہ سانحے کے بہت قریب تھے۔
نئی دہلی: کیرالہ کے ترواننت پورم سے دہلی آنے والی ایئر انڈیا کی پرواز میں تکنیکی خرابی کی وجہ سے چنئی میں ہنگامی لینڈنگ کرائی گئی، طیارے میں کئی ممبران پارلیمنٹ بھی موجود تھے، سبھی اراکین پارلیمنٹ محفوظ ہیں۔
کانگریس کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال بھی اس جہاز میں سوار تھے، انہوں نے اس فضائی سفر کو انتہائی خوفناک قرار دیتے ہوئے اپنا تجربہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر شیئر کیا اور ایک پوسٹ میں فلائٹ نمبر اے آئی 2455 کے سفر کو انتہائی پریشان کن بتایا اور کہا کہ اس سفر میں وہ سانحے کے بہت قریب تھے۔
انہوں نے لکھا ہے کہ ’’جہاز کی پرواز پہلے ہی تاخیرسے تھی، ایئر انڈیا کے اس طیارے میں کئی ممبران پارلیمنٹ اور سیکڑوں مسافر سوار تھے، ٹیک آف کے فوراً بعد ہمیں ایک غیر معمولی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا۔
تقریباً ایک گھنٹے بعد کیپٹن نے فلائٹ سگنل میں خرابی کا اعلان کیا اور جہاز کو چنئی کی طرف موڑ دیا۔ تقریباً دو گھنٹے تک ہم اجازت ملنے کے انتظار میں ایئرپورٹ کا چکر لگاتے رہے، لینڈنگ کی پہلی ہی کوشش ناکام رہی تھی، دوسری کوشش میں طیارہ بحفاظت لینڈ کر گیا اور خوش قسمتی سے ہم بال بال بچ گئے۔
کیپٹن کے فوری طور پرلینڈنگ کے فیصلے سے جہاز میں سوار تمام لوگوں کی جانیں بچ گئیں۔ مسٹر وینوگوپال نے مزید لکھا کہ ’’مسافروں کی حفاظت قسمت پر منحصر نہیں ہوسکتی ہے، اس لیے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن (ڈی جی سی اے) اور شہری ہوا بازی کی وزارت کو بھی ٹیگ کیا اور ان پر زور دیا کہ وہ اس واقعے کی تحقیقات کریں، جوابدہی طے کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ ایسی غلطی دوبارہ نہ ہو‘‘۔