سابق ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپیئن 36 سالہ برے ویاٹ کی دل کا دورہ پڑنے سے موت
ہمیں افسوسناک خبر سے آگاہ کیا گیا کہ ہمارے ڈبلیو ڈبلیو ای تاحیات فیملی ممبر، ونڈھم روٹونڈا، جنہیں Bray Wyatt کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، آج غیر متوقع طور پر انتقال کر گئے۔
نیویارک: ورلڈ ریسلنگ انٹرٹینمنٹ (WWE) اسٹار برے ویاٹ جمعرات کو انتقال کر گئے، کمپنی کے چیف کنٹینٹ آفیسر پال "ٹرپل ایچ” لیوسک نے سوشل میڈیا پر اس بات کا اعلان کیا۔
وہ 36 سال کے تھے۔ ٹی ایم زیڈ کے مطابق برے ویاٹ کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی۔
پال لیوسک نے چند گھنٹے پہلے ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر پوسٹ کیا کہ ابھی ڈبلیو ڈبلیو ای ہال آف فیمر مائیک روٹونڈا کی طرف سے ایک کال موصول ہوئی جس میں ہمیں افسوسناک خبر سے آگاہ کیا گیا کہ ہمارے ڈبلیو ڈبلیو ای تاحیات فیملی ممبر، ونڈھم روٹونڈا، جنہیں Bray Wyatt کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، آج غیر متوقع طور پر انتقال کر گئے۔
اس نازک وقت میں ہم ان کے خاندان کے ساتھ ہیں، اور ہم اس وقت ہر ایک سے ان کی پرائیویسی کا احترام کرنے کی درخواست کرتے ہیں۔
ای ایس پی این کے مطابق، مسٹر ویاٹ جن کا اصل نام Windham Rotunda تھا، صحت کے مسائل کا شکار تھے جس کے باعث وہ ڈبلیو ڈبلیو ای میں بھی گزشتہ کئی ماہ سے سرگرم نہیں تھے۔
وہ 2009 سے World Wrestling Entertainment میں شامل تھے۔ اس دوران وہ صرف ایک سال کے لئے کھیل سے دور رہے۔
روٹونڈا پچھلے ستمبر میں ڈبلیو ڈبلیو ای میں بہت دھوم دھام سے واپس آئے تھے اور دیکھتے ہی دیکھتے دوبارہ شہرت کی بلندی پر پہنچ گئے تھے۔
ٹی ایم زیڈ کے مطابق برے ویاٹ ڈبلیو ڈبلیو ای میں تین بار عالمی چیمپئن رہے جس میں ایک بار ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپئن شپ اور دو مرتبہ یونیورسل چیمپئن شپ شامل ہے۔
انہوں نے اگست 2018 سے اپریل 2019 تک ایک مختصر وقفہ لیا اور پھر ایک نئے کردار دی فینڈ کے ساتھ واپس آئے۔
وہ خاندانی پہلوان تھے۔ ان کے والد ہال آف فیمر Mike Rotunda تھے۔
نیوز آؤٹ لیٹ ٹی ایم زیڈ کے مطابق ان کے دادا بلیک جیک ملیگن نے ایک پیشہ ور پہلوان کے طور پر اپنا نشان چھوڑا، اور اس روایت کو جاری رکھتے ہوئے ان کے چچاؤں بیری اور کینڈل ونڈھم نے بھی ریسلنگ کی دنیا میں نام کمایا تھا۔