حیدرآباد

فارمولا ای ریس کیس، اے سی بی نے شکایت گزار دانا کشور کا بیان ریکارڈ کیا

دانا کشور کی شکایت پر اے سی بی نے گزشتہ سال منعقدہ فارمولا ای ریس میں مبینہ بے قاعدگیوں پر 19دسمبر کو ایک کیس درج کرلیا تھا۔ حکومت کی خواہش کے بعد اس سلسلہ میں گورنر جشنو دیوورما نے کارروائی کی اجازت دینے کے بعد یہ کیس درج کیا گیا۔

حیدرآباد: فارمولا ای ریس کیس میں ایک اہم پیش رفت میں اینٹی کرپشن بیورو(اے سی بی) نے چہارشنبہ کے روز یہاں شکایت گزار دانا کشور پرنسپل سکریٹری بلدی نظم ونسق و شہ ری ترقیات کا بیان قلمبند کیا ہے۔ دانا کشور کے اس بیان کو ریکارڈ کرنے کے ساتھ اے سی بی، اس بنیاد پر بی آر ایس کے کار گزار صدر کے ٹی آر، سینئر آئی اے ایس آفیسر اروند کمار اور حیدرآباد میٹرو پولیٹن، ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے سابق چیف انجینئر بی ایل این ریڈی کو نوٹس جاری کرنے کی تیاری کرے گی۔

 دانا کشور کی شکایت پر اے سی بی نے گزشتہ سال منعقدہ فارمولا ای ریس میں مبینہ بے قاعدگیوں پر 19دسمبر کو ایک کیس درج کرلیا تھا۔ حکومت کی خواہش کے بعد اس سلسلہ میں گورنر جشنو دیوورما نے کارروائی کی اجازت دینے کے بعد یہ کیس درج کیا گیا۔

 بی آر ایس کے دور حکومت میں فارمولا ای کارریس میں مالی بے ضابطگیوں کے الزامات پر اے سی بی نے مختلف دفعات کے تحت کیس درج کیا ہے۔ شکایت کنندہ نے الزام عائد کیا کہ مقررہ طریقہ کار کی خلاف ورزی کرتے ہوئے برطانیہ کی فارمولا ای ریس آپریشن لمیٹڈ اور دیگر کو54.88 کروڑ روپے جاری کئے گئے تھے۔

یہ الزام عائد کیا گیا کہ اس وقت کے وزیر صنعت کے ٹی آر کی ہدایت پر ایچ ایم ڈی اے نے آر بی آئی کے رہنمایانہ خطوط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایف ای او(فارمولا ای ریس آپریشن لمیٹڈ) کو رقمی ادائیگیاں کی تھیں۔ کابینہ یا محکمہ فینانس سے منظوری کے بغیر مبینہ طور پر رقم اداکی گئی۔

بی آر ایس کے کارگزار کے تاریک راما راؤ نے فارمولاای ریس میں کسی بھی بدعنوانیوں، بے ضابطگیوں کی تردید کی اور الزام عائد کیا کہ کانگریس حکومت سیاسی انتقام لے رہی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ تلنگانہ کو الیکٹرک وہیکلس کا ہب بنانے کیلئے مقصد کے تحت یہ فارمولا ای ریس کا اہتمام کیا گیا۔

جمعہ کے روز کے ٹی آر کی عرضی پر تلنگانہ ہائی کورٹ نے عبوری احکام جاری کرتے ہوئے بی آر ایس قائد کی 30دسمبر تک گرفتاری پر روک لگا دی۔ کے ٹی آر کو راحت دیتے ہوئے عدالت نے اے سی بی کو اس کیس کی تحقیقات کرنے کی اجازت دے دی اور اگلی سماعت27 دسمبر تک ملتوی کردی۔

اے سی بی کی جانب سے ایف آئی آر درج کرنے کے ایک دن بعد انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی) نے منی لانڈرنگ روک تھام ایکٹ کے تحت کے ٹی آر، اروند کمار اور بی ایل این ریڈی کے خلاف انفورسمنٹ کیس انفارمیشن رپورٹ (ای سی آئی آر) درج کرلی ہے۔ اس کیس میں پوچھ تاچھ کیلئے امکان ہے کہ ای ڈی، پیر کے روز نوٹس جاری کرے گی۔