کھیل

حیدرآباد میں ٹی۔20 میچ کے ٹکٹوں کی بلیک مارکیٹنگ، چار افراد گرفتار

پولیس نے ملزمین کے قبضے سے کرکٹ میچ کے 11 مفت ٹکٹ برآمد کیے ہیں، جن پر 'فروخت کے لیے نہیں' لکھا ہوا تھا

حیدرآباد :    تلنگانہ میں گوشہ محل پولیس نے ہندوستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان چوتھے ٹی۔20 بین الاقوامی کرکٹ میچ کے مفت ٹکٹ سوشل میڈیا کے ذریعے مہنگے داموں فروخت کرنے کے الزام میں حیدرآباد کرکٹ ایسوسی ایشن (ایچ سی اے) کے رکن ستیش چندر سریواستو اور ان کے بیٹے آکرشیت سریواستو سمیت 4 افراد کو گرفتار کیا ہے۔

یہ میچ بدھ کو شام 7 بجے اپل میں واقع راجیو گاندھی بین الاقوامی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جانا ہے۔ دیگر ملزمین کی شناخت اویناش دارک اور موہت سومانی کے طور پر ہوئی ہے۔

گوشہ محل تھانے کے پولیس انسپکٹر بی۔ شراون کمار نے بتایا کہ چاروں ملزمین کو 13 اکتوبر کو گرفتار کیا گیا تھا اور انہیں عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا ہے۔ پولیس نے بھارتیہ نیائے سنہتا (بی این ایس) کی دفعہ 112(1) اور 318(2) نیز سی پی ایکٹ کی دفعہ 21(جی جی) کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔

پولیس نے ملزمین کے قبضے سے کرکٹ میچ کے 11 مفت ٹکٹ برآمد کیے ہیں، جن پر ‘فروخت کے لیے نہیں’ لکھا ہوا تھا۔ اس کے علاوہ نوراتری پروگرام کے 8 داخلہ پاس، 5,000 روپے نقد، ایک دو پہیہ گاڑی اور 5 موبائل فون ضبط کیے گئے ہیں۔

پولیس کے مطابق، یہ معاملہ 12 اکتوبر کو اس وقت سامنے آیا، جب معاون سب انسپکٹر وی۔ جناردن نائک کو گشت کے دوران ایک کانسٹیبل کے ساتھ بیگم بازار میں واقع ایس ڈی مال کے قریب کرکٹ میچ کے ٹکٹوں کی غیر قانونی فروخت کی اطلاع ملی۔ پولیس موقع پر پہنچی اور 24 سالہ اویناش دارک اور 30 سالہ موہت سومانی کو پکڑ لیا۔

پوچھ گچھ کے دوران دونوں ملزمین نے مبینہ طور پر بتایا کہ انہوں نے آکرشیت سریواستو سے ٹکٹ حاصل کیے تھے اور انہیں واٹس ایپ اسٹیٹس اور انسٹاگرام کے ذریعے فروخت کے لیے مشتہر کیا تھا۔ پولیس کے مطابق، تفتیش کے دوران آکرشیت نے مبینہ طور پر بتایا کہ اس کے والد اور ایچ سی اے کے رکن ستیش چندر سریواستو نے اسے مفت ٹکٹ دیے تھے۔