اقلیتی امید واروں کے لیے سب انسپکٹر اور پولیس کانسٹیبل کی مفت کوچنگ
درخواست داخل کرنے کی آخری تاریخ 13/ جولائی، کلاسیس کاآغاز 15/ جولائی : محمد عبدالقیوم
درخواست داخل کرنے کی آخری تاریخ 13/ جولائی، کلاسیس کاآغاز 15/ جولائی : محمد عبدالقیوم
محبوب نگر : (پریس نوٹ) تلنگانہ اسٹیٹ لیول پولیس ریکرومنٹ بورڈ کی جانب سے عنقریب سب انسپکٹر اور پولیس کانسٹیبل کی جملہ 7437 مخلوعہ جائیدادوں کی بھرتی کے لیے نوٹیفیکیشن جاری کیا جانے والاہے۔جس کو مد نظر رکھتے ہوئے تلنگانہ مینارٹیز اسٹڈی سرکل حیدرآباد نے اقلیتوں (مسلم، عیسائی، سکھ، جین، بدھ اور پارسی) کو ان عہدوں پر ملازمت فراہم کرنے کے لیے مفت کوچنگ کا آغاز کیا ہے جس کے لیے درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔
ضلع اقلیتی بہبود آفیسر محبوب نگر ، محمد عبدالقیوم نے کہا کہ محکمہ اقلیتی بہبود کے تحت کار کرد تلنگانہ مینارٹیز اسٹڈی سرکل، حیدر آباد کی جانب سے ہر سال اقلیتی طلبہ (مسلم، عیسائی، سکھ، جین، بدھ اور پارسی ) کو متعدد مقابلہ جاتی امتحانات کی مفت کوچنگ فراہم کی جاتی ہے۔ تعلیمی سال 27 – 2026 کے لیے بھی اس کوچنگ کا انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے جس کے لیے اقلیتی طلبہ سے درخواستیں طلب کی جارہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تلنگانہ مینارٹیز اسٹڈی سنٹر میں مقابلہ جاتی امتحانات کے جنرل اسٹڈیز اور جنرل ایبلیٹیز، بیسک انگلش/اردو/تلگو، فزیکل فٹنس کے لیے موثر کوچنگ فراہم کی جارہی ہے، جس کے لیے ماہر اور تجربہ کار اساتذہ کی خدمات حاصل کی جارہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتی طلبہ کو کوچنگ سے استفادہ کرتے ہوئے اپنے خوابوں کو پورا کرنا چاہئیے۔
ضلع اقلیتی بہبود آفیسر ،محبوب نگر نے کوچنگ کی اہلیت بتاتے ہوئےکہا کہ امیدواروں کا تعلق اقلیتی طبقات اور ریاست تلنگانہ سے ہو۔ انہوں نے بتایا کہ اس کوچنگ کا آغاز 15/جولائی سے ہوگا اور داخلے تعلیمی میرٹ کی اسا س پر ہوں گے۔آگے کہا کہ سب انسپکٹر کے لیے 50 نشستیں اور پولیس کانسٹیبل کے لیے 100 نشستیں مقرر کی گئی ہیں۔جو حکومت تلنگانہ کے مینارٹیز اسٹڈی سرکل کی جانب سے بالکل مفت ہوگی۔
انہوں نے ضلع محبوب نگر کے اہل اقلیتی طلبہ سے خواہش کی کہ اس سنہری موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے 13/ جولائی شام 5 بجے سے قبل دفتر تلنگانہ مینارٹیز اسٹڈی سرکل، اندرا پریہ درشنی ڈگری کالج احاطہ، ایم اے ایم کیمپس، بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کے پیچھے، نامپلی حیدرآباد پر داخل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ درخواست فارم کے ساتھ تما م تعلیمی دستاویزات زیرعکس کاپیاں (ایس ایس سی ، انٹر،ڈگری)،آدھار کارڈزیرعکس،پاسپورٹ سائز فوٹو 2 عدد منسلک کریں۔
ضلع اقلیتی بہبود آفیسر، محبوب نگر، محمد عبدالقیوم نے اقلیتی نوجوانوں اور انجمنوں، اداروں ، تنظیموں و سوسائیٹئیوں سے اپیل کی کہ اس سنہری موقع سے استفاد ہ حاصل کرنے کے لیے اقلیتی نوجوانوں میں شعور بیداری پیدا کریں اور انہیں اس جانب توجہ کرتے ہوئے استفادہ حاصل کرنے کی ترغیب دیں۔مزید تفصیلات کے لیے فون نمبر 04023236112 پر یا ضلع اقلیتی بہبود آفیسر، کمرہ نمبر 205، IDOC، کلکٹریٹ کمپلیکس، محبوب نگر میں تمام ایام کار کے دوران صبح 10.30 تا شام 05:00 بجے ربط کیا جا سکتا ہے۔