تلنگانہ

 کوڈنگل اسمبلی حلقہ میں ترقیاتی کاموں کا جائزہ این شری دھر کا اہم دورہ

کوسگی آمد پر ضلع کلکٹر سی ایچ پریانکا نے میونسپلٹی دفتر کے قریب این۔ شری دھر کا خیر مقدم کیا

نارائن پیٹ (منصف نیوز بیورو): ریاستی وزیر اعلیٰ اے ریونت ریڈی کے پرنسپل سکریٹری این شری دھر نے ضلع نارائن پیٹ کے کوسگی منڈل واقع کوڈنگل اسمبلی حلقہ کادورہ کرتے ہوئے یہاں جاری مختلف ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر سی ایچ پرینکا اور کوڈنگل کے خصوصی افسر ونکٹ ریڈی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

کوسگی آمد پر ضلع کلکٹر سی ایچ پریانکا نے میونسپلٹی دفتر کے قریب این۔ شری دھر کا خیر مقدم کیا۔بعد ازاں پرنسپل سکریٹری نے منڈل میں جاری مرکزی سڑک کی توسیعی تعمیراتی سرگرمیوں، اروبندو فارما فاؤنڈیشن کے تعاون سے تعمیر شدہ گورنمنٹ ہائی اسکول کی نئی عمارت، زیر تعمیر سائنس میوزیم اور امرت اسکیم کے تحت تعمیر کیے جا رہے اوور ہیڈ واٹر ٹینک کا تفصیلی معائنہ کیا۔

انہوں نے اروبندو فارما فاؤنڈیشن کی جانب سے تعمیر کردہ اسکول عمارت کے اطراف حفاظتی چہار دیواری تعمیر کرنے اور اسکول کے احاطے میں شجرکاری انجام دینے کی ہدایت متعلقہ حکام کو دی۔دورانِ معائنہ این۔ شری دھر نے سائنس میوزیم کی تعمیر کب تک مکمل ہوگی، وہاں نصب کیے جانے والے سائنسی آلات اور دیگر سہولتوں کے بارے میں حکام سے معلومات حاصل کیں۔

متعلقہ افسران نے بتایا کہ حیدرآباد کے برلا سائنس میوزیم سے جدید ترین سائنسی آلات اور نمائشی اشیاء فراہم کر کے اس میوزیم میں نصب کی جائیں گی، تاکہ طلبہ کو جدید سائنسی تعلیم اور عملی مشاہدے کی سہولت میسر آ سکے۔انہوں نے امرت اسکیم کے تحت زیر تعمیر اوور ہیڈ واٹر ٹینک کے کام کو تیز رفتاری سے مکمل کرنے کی بھی ہدایت دی۔اس موقع پر محکمہ صحت عامہ کے ای این سی بھاسکر ریڈی، سپرنٹنڈنگ انجینئرز ونکٹیشورلو اور چنار راؤ، ایگزیکٹو انجینئر وجئے بھاسکر ریڈی، آر اینڈ بی محکمہ کے افسران، ضلع لائبریری ادارہ کے چیئرمین وارلا وجئے کمار، کوسگی میونسپل کمشنر ناگراجو اور اسسٹنٹ انجینئر گیانیشور سمیت دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔