شمال مشرق

منی پور میں تازہ تشدد، 11 افراد ہلاک

منی پور میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران تازہ تشدد میں ایک خاتون سمیت 11 افراد ہلاک ہوگئے، جب کہ دیگر 23 زخمی ہوئے ہیں۔

امپھال: منی پور میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران تازہ تشدد میں ایک خاتون سمیت 11 افراد ہلاک ہوگئے، جب کہ دیگر 23 زخمی ہوئے ہیں۔

کھامے لوک علاقہ میں رات دیر گئے فائرنگ کے واقعہ میں یہ اموات ہوئیں۔ فوجی ذرائع نے یہ بات بتائی۔ کئی زخمیوں کو علاج کے لیے امپھال بھیجا گیا ہے۔

تشدد میں ہلاک ہونے والے چند افراد کے جسموں پر زخموں اور گولیوں کے نشانات ہیں۔ یہ واقعہ ریاست میں امن کی بحالی کی کوششوں کے لیے ایک بڑا دھکا ثابت ہوا ہے۔

ریاست میں زائد از ایک ماہ سے نسلی جھڑپوں کی وجہ سے کشیدگی پائی جاتی ہے۔ کل رات کے واقعہ کے بعد کرفیو کے اوقات کو محدود کردیا گیا ہے۔

ایک اور اطلاع کے بموجب عہدیداروں نے بتایا کہ اموات کی تعداد میں مزید اضافہ کا امکان ہے، کیوں کہ کئی زخمیوں کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ لاشوں کو امپھال کے پورومپات علاقہ میں جواہر لال نہرو انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسس میں مردہ خانہ میں رکھا گیا ہے۔

موضع کھامے لوک مائتی غلبہ والے ضلع مشرقی امپھال اور قبائلی آبادی والے ضلع کانگ پوپکی کی سرحد پر واقع ہے۔ کھامے لوک میں اضافی نیم فوجی فورسس تعینات کردی گئی ہیں۔

منگل کے واقعہ کے پیش نظر ضلع مشرقی و مغربی امپھال کے مجسٹریٹس نے کرفیو میں نرمی کو منسوخ کردیا ہے، جو عام طور پر صبح 6 بجے سے رات 8 بجے تک دی جارہی تھی۔

منی پور میں 3 مئی سے تباہ کن نسلی تشدد جاری ہے، جہاں زائد از 120 افراد ہلاک اور زائد از 350 زخمی ہوچکے ہیں۔ ہزاروں مکانات تباہ کردیے گئے ہیں۔ خانگی و سرکاری املاک اور گاڑیوں کو نقصان پہنچایا گیا ہے۔