جرائم و حادثات

مفرور کوریوگرافر جانی ماسٹر گوا سے گرفتار

سائبر آباد پولیس نے جمعرات کے روزگوا سے سیلبیرٹی کوریوگرافر جانی ماسٹر کو گرفتار کرلیا ہے۔ ان پر جونیئر خاتون کوریوگرافر کی عصمت ریزی کا الزام ہے۔

حیدر آباد: سائبر آباد پولیس نے جمعرات کے روزگوا سے سیلبیرٹی کوریوگرافر جانی ماسٹر کو گرفتار کرلیا ہے۔ ان پر جونیئر خاتون کوریوگرافر کی عصمت ریزی کا الزام ہے۔

اسپیشل آپریشن ٹیم (ایس او ٹی) سائبر آباد پولیس نے مفرور کوریوگرافر کو گوا کی ایک ہوٹل سے دبوچ لیا ہے اور ملزم کو حیدر آباد لایا جارہا ہے۔ پہلے جانی ماسٹر کو نارسنگی پولیس اپنی تحویل میں لے گی جہاں ان کے خلاف ایک کیس درج کیا گیا ہے۔

خاتون کوریوگرافر کا بیان ریکارڈ کرنے کے بعد متاثرہ کی شکایت پر کیس درج کیا گیا ہے۔ پولیس ملزم کو ضلع رنگاریڈی کی عدالت میں پیش کرے گی۔ قومی ایوارڈ یافتہ کوریوگرافر چہارشنبہ کے روز سے فرار ہوگئے جن کی تلاش میں مختلف مقامات پر پولیس ٹیموں کو روانہ کیا گیا۔

شکایت میں الزام عائد کیا گیا کہ جانی ماسٹر نے خاتون کوریوگرافر کو اس وقت جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا جب کہ وہ نابالغ تھیں۔ اس الزام پر پولیس نے کیس میں ان کے خلاف پوکسو ایکٹ کی دفعات کا اضافہ کیا۔ متاثرہ جو اب 21 سال کی ہے، نے الزام عائد کیاکہ کوریوگرافر نے 2019 ء میں پہلی بار میری عصمت ریزی کی۔

انہوں نے پولیس کو بتایا کہ کئی مواقع پر میری عصمت ریزی کی ہے۔ پولیس نے متاثرہ کو طبی معائنہ کے لئے روانہ کردیا ہے۔ بھروسہ سنٹر کے عہدیداروں کی نگرانی کے تحت تحقیقاتی آفیسر تمام تفصیلات حاصل کررہے ہیں۔ اسسٹنٹ خاتون کوریوگرافر نے پولیس کو بتایا کہ ملزم کی دھمکیوں کی وجہ سے وہ اب تک لب کشائی کرنے سے قاصر رہیں۔