غزوۂ ہند، انڈیا میں نہیں ہوگا۔ شرپسندوں کو جہنم کا ون وے ٹکٹ دیں گے: چیف منسٹر یوپی
چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ نے خاص طور پر تہواروں کے سیزن میں امن درہم برہم کرنے کی کوشش کرنے والوں کو سخت وارننگ دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاقانونیت کی کسی بھی حرکت کا ایسا نتیجہ نکلے گا جسے آنے والی نسلیں یاد رکھیں گی۔
بلرام پور(یوپی) (پی ٹی آئی) چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ نے خاص طور پر تہواروں کے سیزن میں امن درہم برہم کرنے کی کوشش کرنے والوں کو سخت وارننگ دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاقانونیت کی کسی بھی حرکت کا ایسا نتیجہ نکلے گا جسے آنے والی نسلیں یاد رکھیں گی۔
چیف منسٹر نے کہا کہ اگر تہواروں کے موسم میں شرارت کی کوشش ہوئی تو ایسی کوشش کرنے والوں کو اِس کی ایسی قیمت چکانی پڑے گی کہ ان کی آنے والی نسلیں اسے یاد رکھیں گی۔ انہوں نے یہ تک کہہ دیا کہ غزوۂ ہند ہندوستان کی سرزمین پر نہیں ہوگا۔ غزوۂ ہند کا تصور یا خواب دیکھنا جہنم کی راہ ہموار کرے گا۔
اگر کوئی دوزخ میں جانا چاہتا ہے تو وہ غزوۂ ہند کے نام پر لاقانونیت پھیلا کر دیکھ لے۔ قانون توڑنے والوں کو سخت وارننگ دیتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت لاقانونیت برداشت نہیں کرے گی۔ قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے کی جو کوئی کوشش کرے گا، راہ چلنے والوں پر جو کوئی حملے کرے گا، جوکوئی تہواروں کے دوران پتھر پھینکے گا ہم اسے جہنم کا ون وے ٹکٹ دے دیں گے۔
چیف منسٹر نے یہ وارننگ بریلی میں 26 ستمبر کی پرتشدد جھڑپوں کے پس منظر میں دی۔ جمعہ کو آئی لو محمد ؐ کے پوسٹرس تھامے ایک ہجوم کی جھڑپ کوتوالی علاقہ کی ایک مسجد کے باہر پولیس سے ہوگئی تھی۔ کہا جاتا ہے کہ یہ بھیڑ مولانا توقیر رضا خاں بریلوی کی اپیل پر مجوزہ مظاہرہ کی منسوخی پر برہم تھی۔