دہلی

گودھرا ٹرین آتشزنی کیس: سپریم کورٹ میں 6 اور 7مئی کو درخواستوں کی سماعت

سپریم کورٹ نے جمعرات کے روز کہا کہ وہ 2002ء کے گودھرا ٹرین آتشزنی کیس میں حکومت گجرات اور دیگر کئی مجرموں کی جانب سے داخل کی گئی درخواستوں کی سماعت 6 اور 7مئی کو شروع کرے گا۔

نئی دہلی (پی ٹی آئی) سپریم کورٹ نے جمعرات کے روز کہا کہ وہ 2002ء کے گودھرا ٹرین آتشزنی کیس میں حکومت گجرات اور دیگر کئی مجرموں کی جانب سے داخل کی گئی درخواستوں کی سماعت 6 اور 7مئی کو شروع کرے گا۔

جسٹس جے کے مہیشوری اور جسٹس راجیش بندل نے سینئر ایڈوکیٹ سنجے ہیگڈے سے جو ایک مجرم کی طرف سے پیش ہوئے تھے‘ کہا کہ وہ اپنے بیانات کی نظرثانی شدہ تالیف داخل کریں، جس میں مجرموں کے خلاف الزامات کی تفصیلات سرخیوں کے ساتھ بتائی جائیں جن کے نیچے عدالتوں کی تحقیقات اور ان کے دلائل معہ شواہد پیش کئے جائیں، تاکہ 3مئی کو ان کا جواب دیا جاسکے۔

عدالت ِ عظمیٰ نے مجرموں اور حکومت ِ گجرات کی طرف سے پیش ہونے والے وکیل سے یہ بھی کہا کہ وہ بھی ان ہی خطوط پر ابتدائی تالیفات داخل کریں۔ جسٹس مہیشوری نے اپنے حکم نامہ میں کہا کہ اس معاملہ کی سماعت کے لئے کم از کم دو ہفتے درکار ہوں گے۔

پہلے ہم 6اور 7مئی کو پورا دن ان کی سماعت کریں گے اور ان تواریخ میں کسی اور کیس کی سماعت نہیں کی جائے گی جب تک کے اس عدالت کی جانب صراحتاً نہ کہا جائے۔

بنچ نے رجسٹری سے کہا کہ وہ ضرورت پڑنے پر اس ضمن میں چیف جسٹس آف انڈیا سے احکام حاصل کرے۔ گجرات ہائی کورٹ کے اکتوبر 2017ء کے فیصلہ کے خلاف سپریم کورٹ میں کئی اپیلیں داخل کی گئی ہیں، جن میں کئی مجرموں کی سزا برقرار رکھی گئی ہے اور 11 افراد کی سزائے موت کو کم کرتے ہوئے عمر قید میں تبدیل کیا گیا ہے۔