تلنگانہ سرکاری ہاؤسنگ اسکیم: رہائشی فلیٹس کیلئے درخواستوں کا آغاز
حکومت نے واضح کیا کہ پہلے مرحلے میں گھر یا زمین سے محروم افراد کو ترجیح دی جائے گی، انہیں زمین کے ساتھ 5 لاکھ کی سبسڈی بھی فراہم کی جائے گی، جبکہ فلیٹس کو 10 سال تک فروخت یا کرائے پر دینے کی اجازت نہیں ہوگی۔
حیدرآباد۔(منصف نیوز بیورو) ریاستی وزیر پونگولیٹی سرینواس ریڈی نے اعلان کیا کہ کیور حدود (حکومتی فلیٹس اسکیم) میں فلیٹس کے لیے کل سے 10 اگست تک درخواستیں وصول کی جائیں گی، جبکہ می سیوا، واٹس ایپ اور ویب سائٹ کے ذریعے 10,000 ٹوکن فیس کے ساتھ درخواست دی جا سکے گی۔
مستحقین کا انتخاب قرعہ اندازی کے ذریعہ ہوگا اور منتخب نہ ہونے والے درخواست گزاروں کی رقم فوری واپس کردی جائے گی۔
حکومت نے واضح کیا کہ پہلے مرحلے میں گھر یا زمین سے محروم افراد کو ترجیح دی جائے گی، انہیں زمین کے ساتھ 5 لاکھ کی سبسڈی بھی فراہم کی جائے گی، جبکہ فلیٹس کو 10 سال تک فروخت یا کرائے پر دینے کی اجازت نہیں ہوگی۔
پہلے مرحلے میں 16 اسمبلی حلقوں میں 7,680 فلیٹس تعمیر کیے جائیں گے، جبکہ آئندہ دیگر حلقوں کو بھی شامل کیا جائے گا۔
وزرا سری دھر بابو اور پونم پربھاکر نے کہا کہ مکانات کی تقسیم شفاف طریقے سے اور ریزرویشن پالیسی کے مطابق ہوگی، جبکہ حکومت کا مقصد تلنگانہ کو جھونپڑیوں سے پاک بنانا اور غریب خاندانوں کے گھر کا خواب پورا کرنا ہے۔