حکومت کی نئی اسکیم، تیسرے بچہ کی پیدائش پر 30 ہزار اور چوتھے پر 40 ہزار روپے ملیں گے
چیف منسٹر نے ریاست میں آبادی بڑھانے کی ترغیب دینے کے لیے اس نئی اسکیم کا اعلان کیا اور کہا کہ تیسرے بچے کی پیدائش پر خاندان کو 30,000 روپے اور چوتھے بچے کی پیدائش پر 40,000 روپے کی فوری امداد دی جائے گی۔
امراوتی: آندھرا پردیش کی چندرابابو نائیڈو حکومت ریاست کے عوام کے لیے ایک انوکھی اور نئی اسکیم لے کر آئی ہے۔ حکومت نے اعلان کیا ہے کہ اب خاندان میں تیسرے بچے کی پیدائش پر 30,000 روپے اور چوتھے بچے کی پیدائش پر 40,000 روپے کی مالی امداد دی جائے گی۔ اس سے قبل، دوسرے بچے کی پیدائش پر بھی 25,000 روپے نقد دینے کی بات کہی گئی تھی، تاہم اس پر ابھی کھل کر مزید تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔
نرسنا پیٹا میں منعقدہ ‘سورن آندھرا–سوچھ آندھرا’ پروگرام کے دوران آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ این چندرابابو نائیڈو نے ریاست میں آبادی کی شرحِ نمو میں ہونے والی کمی پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہاکہ بچوں کو بوجھ نہیں، بلکہ ملک کا اثاثہ سمجھا جانا چاہیے۔
چیف منسٹر نے ریاست میں آبادی بڑھانے کی ترغیب دینے کے لیے اس نئی اسکیم کا اعلان کیا اور کہا کہ تیسرے بچے کی پیدائش پر خاندان کو 30,000 روپے اور چوتھے بچے کی پیدائش پر 40,000 روپے کی فوری امداد دی جائے گی۔
اپنے خطاب کے دوران وزیر اعلیٰ چندرابابو نائیڈو نے ماضی کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ میں نے اس معاملہ پر کئی بار غور کیا ہے۔ پہلے میں نے خود فیملی پلاننگ (خاندانی منصوبہ بندی) کو فروغ دینے کے لیے کام کیا تھا، لیکن آج حالات بدل چکے ہیں۔ اب بچے ہمارا اثاثہ ہیں اور ہمیں ان کے مستقبل کے لیے کام کرنا ہوگا۔ اسی سوچ کے ساتھ میں نے یہ نیا فیصلہ کیا ہے۔
تیسرے بچے کی پیدائش پر 30,000 روپے اور چوتھے بچے کی پیدائش پر 40,000 روپے فوری طور پر دیے جائیں گے۔”