آندھراپردیش

دادا اور دادی نے ماں کے ہاتھ پیر پکڑے اور پاپا نے ماں کا گلا دبا دیا، 3 سالہ لڑکی نے کھولا راز

یہ واقعہ آندھراپردیش کے کاکناڈا میں پیش آیا جہاں ایک شوہر نے بیوی پر شک کرتے ہوئے اپنے ماں باپ کی مدد سے بیوی کا گلا گھونٹ کر قتل کردیا اور اسے طبعی موت قرار دیتے ہوئے بچنے کی کوشش کی لیکن اس کی تین سالہ بیٹی نے اس کا راز فاش کردیا۔

حیدرآباد: دادا اور دادی نے ماں کے ہاتھ پیر مضبوطی سے پکڑے اور پاپا نے ماں کا گلا دبا، ایک تین سالہ لڑکی جس کی شناخت ماہی کے طورپر کی گئی ہے نے اپنے نانا کے ساتھ پولیس اسٹیشن پہنچ کر اپنی ماں کے قتل کی شکایت درج کرائی۔

یہ واقعہ آندھراپردیش کے کاکناڈا میں پیش آیا جہاں ایک شوہر نے بیوی پر شک کرتے ہوئے اپنے ماں باپ کی مدد سے بیوی کا گلا گھونٹ کر قتل کردیا اور اسے طبعی موت قرار دیتے ہوئے بچنے کی کوشش کی لیکن اس کی تین سالہ بیٹی نے اس کا راز فاش کردیا۔

تفصیلات کے مطابق اڈیشہ کے عمر کوٹ سمیتی گاؤں کے مانک گھوشکا کی شادی سات سال قبل کارگاؤں کی 22سالہ لپیکا منڈل سے ہوئی تھی۔ شادی کے بعد وہ دونوں روزگار کے لیے آندھراپردیش کے کاکناڈامنتقل ہوگئے۔ ان کے ہاں ماہی کی پیدائش تین سال قبل ہوئی تھی۔ لڑکی سانولی تھی۔ مانک کو لپیکا کے کردار پر شبہ تھا۔ اس معاملہ پر ان کے درمیان کئی بار جھگڑے بھی ہوئے۔

اس سال کے آغاز میں ان دونوں کے درمیان لڑائی ہوئی اور لپیکا اپنے میکہ چلی گئی۔جون میں دونوں خاندانوں نے بات چیت کرتے ہوئے لپیکا کو کاکناڈابھیج دیا۔ اس ماہ کی 18 تاریخ کو لپیکا کو بے ہوشی کے عالم میں مانک اپنے دوستوں کی مدد سے اسے ایمبولینس میں اسپتال لے گیا جہاں ڈاکٹرس نے معائنہ کے بعد اس کو مردہ قراردیا۔

اسپتال کے عملے کو خاتون کی گردن پر زخم کے نشان ملے جس پر انھوں نے کاکناڈاپولیس کواس بات کی اطلاع دی۔ پولیس نے مشتبہ موت کا معاملہ درج کر کے جانچ شروع کر دی۔لاش کے پوسٹ مارٹم کے بعد اس کی آخری رسومات انجام دے دی گئیں۔ لپیکا کے والدین بھی کاکناڈاپہنچ گئے۔

 بیٹی کی آخری رسومات میں شرکت کے بعد وہ اپنی نواسی کو اپنے ساتھ گاوں لے گئے۔اس موقع پر تین سالہ ماہی نے اس کی ماں کی موت کا راز اپنے نانا کے سامنے کھول دیا جس پر اس کے نانا اسے پولیس اسٹیشن لے گئے جہاں لڑکی نے تمام تفصیلات بیان کی۔پولیس نے شوہر مانک کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔