حج کمیٹی نے 2022 میں حج ادا کرنے والے حاجیوں کی رقم کی واپسی کا اعلان کیا
یہ اعلان 12 ستمبر 2025 کو جاری ایک سرکاری سرکلر کے ذریعے کیا گیا، جس کے مطابق جدہ میں ہندوستانی سفیر نے حج 2022 کے تمام حسابات کی مفاہمت مکمل کر لی ہے۔
ممبئی: حکومت ہند کی وزارت اقلیتی امور کے تحت قائم حج کمیٹی آف انڈیا نے اعلان کیا ہے کہ سال 2022 کے حج پر جانے والے حاجیوں کو مخصوص رقوم واپس کی جائیں گی۔
یہ اعلان 12 ستمبر 2025 کو جاری ایک سرکاری سرکلر کے ذریعے کیا گیا، جس کے مطابق جدہ میں ہندوستانی سفیر نے حج 2022 کے تمام حسابات کی مفاہمت مکمل کر لی ہے۔
سرکلر نمبر (J2/10/2025-HCOI کمپنی نمبر 147640) میں تفصیل دی گئی ہے کہ واپسی کی رقم ہر حاجی کے روانگی کے مقام کے لحاظ سے مختلف ہوگی۔ احمد آباد سے سفر کرنے والوں کو فی کس 9,194 روپے، بنگلور سے روانہ ہونے والوں کو 8,929 روپے، کالی کٹ سے جانے والوں کو 9,084 روپے اور دہلی سے حج پر جانے والوں کو 9,039 روپے واپس کیے جائیں گے۔ گوہاٹی کے عازمین کے لیے یہ رقم 8,843 روپے مقرر کی گئی ہے۔
حیدرآباد کے حاجیوں کو 9,017 روپے، کولکتہ کے عازمین کو 8,746 روپے، لکھنؤ کے سفر کرنے والوں کو 9,024 روپے اور ممبئی سے جانے والے عازمین کو 9,212 روپے ملیں گے۔ سری نگر کے عازمین کو سب سے زیادہ 9,772 روپے فی کس واپس کیے جائیں گے۔
سرکاری اعلامیہ کے مطابق یہ رقم براہ راست ان کور ہیڈز کے بینک کھاتوں میں منتقل کی جائے گی، جن کی تفصیلات حج کمیٹی آف انڈیا کے ریکارڈ پر درج ہیں۔ کمیٹی نے حاجیوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے فراہم کردہ بینک اکاؤنٹس کو فعال رکھیں تاکہ رقم کی منتقلی میں کسی قسم کی رکاوٹ پیش نہ آئے۔
یہ سرکلر حج کمیٹی آف انڈیا کے ڈپٹی سکریٹری اور ایگزیکٹو آفیسر شانواس سی کے ڈیجیٹل دستخط کے ساتھ جاری کیا گیا ہے۔