ٹاملناڈو کے اسکول میں گیس کا اخراج، تقریباً 100 طلبہ علیل
ضلع ہوسور میں ایک کارپوریشن مڈل اسکول میں لنچ کے بعد سیپٹک ٹینک سے گیس کے مبینہ اخراج کی وجہ سے تقریباً 100 طلباء اچانک علیل ہوگئے۔
کرشنا گری (ٹاملناڈو): ضلع ہوسور میں ایک کارپوریشن مڈل اسکول میں لنچ کے بعد سیپٹک ٹینک سے گیس کے مبینہ اخراج کی وجہ سے تقریباً 100 طلباء اچانک علیل ہوگئے۔
بیشتر طلبہ نے متلی ہونے کی شکایت کی اور بعض نے کلاس روم میں قے کردی۔ ایک عہدیدار نے دعویٰ کیا کہ کسی میں بھی سنگین علامات نظر نہیں آئی ہیں۔
ضلع کلکٹر جیہ چندرا بھانو ریڈی جنہوں نے اسکول اور اس ہاسپٹل کا دورہ کیا جہاں بچوں کا علاج جاری ہے، کہا کہ ہوسور مڈل اسکول میں زیرتعلیم طلبہ تقریباً 3:15 بجے دن بیہوش ہوگئے۔
انہیں فوری ہوسور گورنمنٹ ہاسپٹل منتقل کیا گیا اور ان کا علاج جاری ہے۔ ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ جملہ 67 لڑکوں اور لڑکیوں کو ہاسپٹل میں شریک کرایا گیا ہے۔
ان کے معائنے کرائے جائیں گے اور بیماری کی وجہ کا پتہ چلایا جائے گا۔ ہوسور کارپوریشن اور محکمہئ اسکولی تعلیم کے علاوہ پولیوشن کنٹرول بورڈ کے سینئر عہدیداروں نے اسکول کا دورہ کیا اور تحقیقات کی ہیں۔