تلنگانہ کی انتخابی مہم میں امیدوار مصروف، رائے دہندوں کو لبھانے کا سلسلہ جاری
ایک طرف جہاں حکمران جماعت بی آرایس کے رہنما دس سال کی ترقی کی بات کر رہے ہیں تو وہیں دوسری طرف اپوزیشن جماعتوں کے امیدوار حکومت کی کوتاہیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے عوام سے رجوع ہورہے ہیں۔

حیدرآباد:تلنگانہ میں انتخابی مہم میں مختلف جماعتوں کے امیدوار مصروف ہیں۔ گھر گھر جا کر رائے دہندوں سے ملاقات کرتے ہوئے اپنے حق میں ووٹ کا استعمال کرنے کی یہ امیدوار عوام سے درخواست کررہے ہیں۔
ایک طرف جہاں حکمران جماعت بی آرایس کے رہنما دس سال کی ترقی کی بات کر رہے ہیں تو وہیں دوسری طرف اپوزیشن جماعتوں کے امیدوار حکومت کی کوتاہیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے عوام سے رجوع ہورہے ہیں۔
جیسے جیسے رائے دہی کی تاریخ قریب آتی جارہی ہے، ریاست میں اسمبلی انتخابات کی مہم زور پکڑ تی جارہی ہے، حکمراں جماعت نے امیدواروں کا پہلے ہی اعلان کیا ہے۔یہ امیدوار اپنی مہم میں شدت پیدا کرچکے ہیں۔سدی پیٹ ضلع کے دوباک حلقہ میں رکن اسمبلی ہنمنت شنڈے نے انتخابی مہم چلائی اور یقین دلایا کہ وہ دوباک کے عوام کی مشکلات کو دو رکریں گے۔
سوریا پیٹ ضلع میں ایم ایل اے جی کشور نے انتخابی مہم چلائی۔سنگاریڈی کے ایم ایل اے جگاریڈی نے کہا کہ ہر کارکن کو ایک بار پھر سنگاریڈی میں کانگریس کا جھنڈا لہرانا چاہئے۔انہوں نے کونڈا پور منڈل ملکاپور میں کانگریس کارکنوں کے اجلاس میں شرکت کی۔
رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے تیقن دیا کہ جاگیردارانہ حکمرانی سے تلنگانہ کے عوام کی حکمرانی ریاست میں لائی جائے گی۔ حیدرآباد کے ایل بی نگر حلقہ کے چمپاپیٹ ڈویژن میں تلگو دیشم لیڈروں کا پرچم میلہ پروگرام میں حصہ لیا۔اس موقع پر ان لیڈروں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ تلگودیشم کی ماضی کی عظمت کو وہ واپس لائیں گے۔