حیدرآباد

کے سی آر کے بدعنوان و خاندانی حکومت کے خلاف اعلان جنگ: راجگوپال ریڈی

راجگوپال ریڈی نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی میں شامل ہونے سے متعلق ان کے فیصلہ کا حلقہ کے عوام نے خیر مقدم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی حکومت کی مساعی حلقہ اسمبلی منگوڑ سے شروع ہوگی۔

حیدرآباد: کانگریس کے باغی رکن اسمبلی کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی جنہوں نے پارٹی کو خیر آباد کہنے اور بی جے پی میں شامل ہونے کا ذہن بنالیا ہے، نے واضح کردیا کہ وہ حلقہ اسمبلی منگوڈسے استعفیٰ دیں گے اور حلقہ کا ضمنی الیکشن ہوگا۔

 انہوں نے کہا کہ وہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو کے کرپٹ اور خاندانی راج کے خلاف جنگ کا بگل بجائیں گے۔راجگوپال ریڈی نے جمعہ کی شب ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہاکہ وہ تلنگانہ کو ٹی آر ایس اور کے چندر شیکھر راؤ کے خاندان کے چنگل سے آزادی دلانے کا عزم رکھتے ہیں۔

 ٹی آر ایس حکومت اور کے سی آر خاندان نے ریاست کے عوامی سرمایہ کو بڑے پیمانے پر لوٹا ہے جس کے سبب خوشحال ریاست تلنگانہ قرض کے دلدل میں پھنس گئی ہے، انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس کی کرپٹ حکومت سے تلنگانہ کو نجات دلانے کے اپنے مشن سے کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

 راجگوپال ریڈی نے کانگریس کے سینئر قائد، ڈگ وجئے سنگھ کے دعویٰ کو بھی نظر انداز کردیا جنہوں نے ریڈی کو بات چیت کے لئے دہلی آنے کی دعوت دی تھی۔

 راجگوپال ریڈی نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی میں شامل ہونے سے متعلق ان کے فیصلہ کا حلقہ کے عوام نے خیر مقدم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی حکومت کی مساعی حلقہ اسمبلی منگوڑ سے شروع ہوگی۔ آئندہ الیکشن پانڈؤں کو رؤں کے درمیان ہوں گے۔ آئندہ انتخابات کے سی آر اور ان کی مالیہ تقسیم کرنے والی فوج کو شکست ہوگی۔