شمالی بھارت

متھرا کی شاہی عیدگاہ مسجد میں ہنومان چالیسہ کی کوشش ناکام

ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ پولیس (سٹی) مرتنڈے سنگھ نے کہا کہ پولیس نے اکھل بھارت ہندو مہاسبھا آگرہ ریجن انچارج سوربھ شرما کو اس وقت گرفتار کرلیا گیا جب وہ عیدگاہ مسجد کی طرف جانے کی کوشش کررہا تھا۔

متھرا: اکھل بھارت ہندو مہاسبھا کے ایک لیڈر کو منگل کے دن گرفتار کرلیا گیا۔ وہ ہنومان چالیسہ کا پاٹھ کرنے شاہی عیدگاہ مسجد کی طرف جارہا تھا۔ عہدیداروں نے یہ بات بتائی۔ تنظیم کے 7-8 دیگر قائدین کو ان کے مکانوں سے باہر نکلنے نہیں دیا گیا۔

اکھل بھارت ہندو مہاسبھا نے کہا تھا کہ وہ 6 دسمبر کو (یوم ِ شہادت بابری مسجد) شاہی عیدگاہ مسجد میں ہنومان چالیسہ کا پاٹھ کرے گی۔ ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ پولیس (سٹی) مرتنڈے سنگھ نے کہا کہ پولیس نے اکھل بھارت ہندو مہاسبھا آگرہ ریجن انچارج سوربھ شرما کو اس وقت گرفتار کرلیا گیا جب وہ عیدگاہ مسجد کی طرف جانے کی کوشش کررہا تھا۔

انہوں نے کہا کہ مہاسبھا کے صدر راج شری چودھری اور خازن دنیش شرما کو ان کے مکانوں تک محدود کردیا گیا۔ شاہی عیدگاہ مسجد کے اطراف سیکوریٹی بڑھادی گئی۔