حضرت خواجہ بندہ نوازؒ کی عرس تقاریب کا آغاز
عرس شریف حضرت خواجہ بندہ نواز ؒ کے آغاز سے ٹھیک ایک ماہ قبل جھیلہ مبارک کا آغاز ہوتا ہے۔ جھیلہ مبارک حضرت خواجہ بندہ نوازؒ کا جلوس 16اپریل تاریخی محبوب گلشن سے برآمد ہوا۔

گلبرگہ (منصف نیوزبیورو) عرس شریف حضرت خواجہ بندہ نواز ؒ کے آغاز سے ٹھیک ایک ماہ قبل جھیلہ مبارک کا آغاز ہوتا ہے۔ جھیلہ مبارک حضرت خواجہ بندہ نوازؒ کا جلوس 16اپریل تاریخی محبوب گلشن سے برآمد ہوا۔
جلوس جھیلہ مبارک محبوب گلشن سے برآمد ہو کر جگت چوک،سوپر مارکٹ ہوتا ہوا مغرب کے وقت مسجد مارکٹ پہنچا اور بعد نماز عشا مارکٹ مسجد کے روبرو سے ہوتا ہوا صندل گلی پہنچا وہاں سے ہفت گنبد اور پھر گیارہ سیڑھی پر پہنچا۔رات 10:30بجے جھیلہ مبارک گیارہ سیڑھی پہنچا۔
گیارہ سیڑھی پرحضرت سید محمد علی الحسینی قبلہ سجادہ نشین بارگاہ حضرت خواجہ بندہ نوازؒ نے جھیلے مبارک کی کشتیوں کا استقبال کیا اوراپنے سر پر اٹھا کر اندرون بارہ دری روانہ کیا۔
جھیلے مبارک کو لیکر گنبد مبارک پر چڑھنے والے مشعل بردار اور پٹکا بردار کو حضرت سجادہ نشین کے دست مبارک سے شملہ پہنایا گیا اور شال پوشی کی رسم ادا کی گئی۔ پھولوں کے جھیلے مبارک کو کھول کر اس میں حضرت سید محمد علی الحسینی نے اپنے دست مبارک سے سونے کا بھاری کڑا باندھ دیا اور جھیلہ مبارک پٹکا بردار کی پیٹھ پر باندھ دیا گیا جسے لے کر وہ شخص مشعل بردار کے عقب میں گنبد مبارک پر چڑ ھ گیا اور کلس پر جھیلہ باندھ دیا۔
جب یہ دونوں نیچے اترے اس کے بعد فاتحہ خوانی ہوئی اور تبرکات تقسیم کیے گئے۔ بعد ازاں محفل سماع کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ مقبول بندہ نوازی، عتیق حسین بندہ نوازی، عادل حسین بندہ نوازی، محمد محبوب بندہ نوازی، پرویز نظامی حیدرآباد کے علاوہ محمد عبدالرؤف قوال خواجہ پارٹی اور اکبر قاسم قوال نے کلام پیش کیا۔
اس موقع پرڈاکٹر سید مصطفی الحسینی،شہزادگان خانوادہ بندہ نواز، حضرت سید محمد سید حسینی، حضرت سید عالم حسینی، حضرت سید ولی حسینی،حضرت سید رحیم اللہ حسینی، حضرت سید شاہ تقی اللہ حسینی، میر صدر الدین علی خان، حضرت سید شاہ حسن شبیر حسینی، سجادہ نشین درگاہ حضرت گنج بخش، سید باقر شبیر حسینی،حضرت سید علی ذکی حسینی اویس بابا، حضرت سید مرتضیٰ حسینی،حضرت سید عاقب حسینی، مولانا قاسم حیدر، معتقدین،مریدین اور زعمائے شہر و عمائدین موجود تھے۔
قبل ازیں تاریخی محبوب گلشن میں نماز عصر مولانا سید عبدالرشید کی اقتداء میں ادا کی گئی۔ ڈاکٹر حضرت سید مصطفی الحسینی ڈائرکٹر خواجہ بندہ نواز یونیورسٹی کی نگرانی میں محفل سماع بعد نماز عصر منعقد کی گئی۔ عبدالروؤف قوال دیگر قوالوں نے مبارکبادی پڑھی۔
جھیلے مبارک کی کشتی کوڈاکٹر سید مصطفی الحسینی نے اپنے سر پر اٹھا کر بارگاہ شریف روانہ کیا۔اس موقع پرحضرت سید شاہ تقی اللہ حسینی،شہزادگان خانوادہ بندہ نواز حضرت سید محمد سید حسینی، حضرت سید عالم حسینی، حضرت سید ولی حسینی،حضرت سید رحیم اللہ حسینی، حضرت سید مرتضیٰ حسینی اور حضرت سید عاقب حسینی، حضرت سید ابوتراب شاہ قادری ہلکٹہ شریف، حضرت سید علی ذکی حسینی اویس بابا، مولانا تنویر احمد اشرفی، مولانا فضل احمد سہروردی، مولانا سید عبدالرشید، مولانا روشن خان اور نگران معتمد درگاہ اسٹیٹ محمد عبدالباسط، نائب معتمد سید واجد،مریدین، معتقدین و عمائدین کی کثیر تعداد شریک تھی۔