راجستھان میں دل دہلادینے والا واقعہ، 9 سالہ بچی کی دل کا دورہ پڑنے سے موت
اسکول انتظامیہ فوراً حرکت میں آئی اور بچی کو نزدیکی کمیونٹی ہیلتھ سینٹر لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے بتایا کہ پراچی کی نبض نہیں چل رہی، بلڈ پریشر نہایت کم ہے اور سانس بھی نہیں آ رہی۔
جئے پور: راجستھان کے ضلع سکیر کے دنتا ٹاؤن میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں ایک 9 سالہ بچی – پراچی کماؤتھ دل کا دورہ پڑنے سے موت ہوگئی۔
یہ ننھی طالبہ چوتھی جماعت میں زیرِ تعلیم تھی اور اچانک بے ہوش ہو کر گر پڑی، جس کے بعد اسے فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا، لیکن جان نہ بچائی جا سکی۔
ذرائع کے مطابق، پراچی پچھلے دو تین دن سے نزلہ زکام کی وجہ سے اسکول نہیں آئی تھی، لیکن پیر کے روز وہ اسکول پہنچی اور صبح کی دعا میں بھی نہایت سرگرمی سے حصہ لیا۔ وہ بالکل صحت مند اور خوش باش نظر آ رہی تھی۔ تاہم، دوپہر کے کھانے کے دوران اچانک زمین پر گر پڑی۔
اسکول انتظامیہ فوراً حرکت میں آئی اور بچی کو نزدیکی کمیونٹی ہیلتھ سینٹر لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے بتایا کہ پراچی کی نبض نہیں چل رہی، بلڈ پریشر نہایت کم ہے اور سانس بھی نہیں آ رہی۔
ابتدائی طبی جانچ میں ڈاکٹروں نے دل کے دورے کے آثار ظاہر کیے۔ بعد ازاں، پراچی کو ایک بڑے اسپتال منتقل کیا گیا، مگر وہاں بھی وہ جانبر نہ ہو سکی۔
ننھی بچی کی اچانک موت سے اہلِ خانہ پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا۔ گھر میں کہرام مچ گیا ہے اور اہلِ علاقہ بھی گہرے دکھ اور حیرت کا اظہار کر رہے ہیں۔ ماہرین صحت کے مطابق، بچوں میں دل کے دورے کا آنا بہت نایاب ضرور ہے، مگر مکمل طور پر ناممکن نہیں۔