دہلی

مودی نے 8 سال میں ملک کو برباد کردیا: راہول گاندھی

راہول گاندھی نے کہاکہ اپوزیشن کی بات کو دبا دیا جاتا ہے اور عوام کے لیے ان کی لڑائی کمزور پڑ جاتی ہے کیونکہ آج آر ایس ایس کا آدمی ہر آزاد تنظیم میں بیٹھ گیا ہے اس لیے اپوزیشن کی لڑائی مشکل ہو گئی ہے۔

نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے آج کہا کہ ملک میں جمہوریت دم توڑ رہی ہے اور قوم نے 70 سالوں میں جو کچھ بھی کمایا ہے، وہ اس حکومت کے 8 سال کی مدت کار میں ختم ہوگیا ہے۔

جمعہ کو پارٹی ہیڈکوارٹر میں منعقد ایک خصوصی پریس کانفرنس میں راہول گاندھی نے کہا کہ آج جمہوریت دم توڑ رہی ہے۔ ملک نے 70 سال میں جو کچھ بنایا 8 سال میں وہ سب کچھ ختم ہو گیا ہے۔ آج ملک میں جمہوریت نہیں ہے۔ صرف چار افراد کی آمریت چل رہی ہے۔

 کانگریس مہنگائی، بے روزگاری اور سماج کو تقسیم کرنے کی کوششوں پر پارلیمنٹ اور پارلیمنٹ کے باہر بحث کرنا چاہتی ہے لیکن انہیں بولنے نہیں دیا جاتا اور اگر وہ بولنے کی کوشش کرتے ہیں تو انہیں گرفتار کیا جاتا ہے اور یہ ملک کی موجودہ حالت کی حقیقت ہے۔

راہول نے کہا کہ کانگریس کے ساتھ ساتھ پوری اپوزیشن عدالتی اداروں، میڈیا اور دیگر آزاد اداروں کے بارے میں بات کرنا چاہتی ہے کیونکہ ان اداروں کے زور پر ہی اپوزیشن عوام کی بات حکومت کے ساتھ کرتی ہے، لیکن آج صورتحال بدل گئی ہے۔

 اپوزیشن کی بات کو دبا دیا جاتا ہے اور عوام کے لیے ان کی لڑائی کمزور پڑ جاتی ہے کیونکہ آج آر ایس ایس کا آدمی ہر آزاد تنظیم میں بیٹھ گیا ہے اس لیے اپوزیشن کی لڑائی مشکل ہو گئی ہے۔

کانگریس لیڈر نے کہا کہ ملک کے مفاد عامہ کے تمام اداروں پر ایک نظریے کا قبضہ ہو چکا ہے، اس لیے لڑائی اب سیاسی پارٹی سے نہیں، بلکہ اس نظریے سے ہے جو پارٹی کو پروان چڑھاتی ہے۔ پہلے دو سیاسی جماعتوں کے درمیان لڑائی ہوتی تھی لیکن اب ایک نظریہ کے قبضے والی سیاسی جماعت کی حکومت کے خلاف لڑائی ہے۔